موہن بھاگوت کی حمایت میں آئے مولانا شہاب الدین رضوی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 03-06-2023
موہن بھاگوت کی حمایت میں آئے مولانا شہاب الدین رضوی
موہن بھاگوت کی حمایت میں آئے مولانا شہاب الدین رضوی

 

بریلی: آل انڈیا مسلم جماعت کے قومی صدر مولانا شہاب الدین رضوی بریلوی نے کہا کہ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے۔ یہاں تمام مذاہب اور فرقوں کے لوگ رہتے ہیں۔ یہاں کے مسلمان کچھ ممالک کے مقابلے میں زیادہ محفوظ ہیں۔ یہاں آزادی سے مذہبی پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں جس میں کہیں بھی کوئی رکاوٹ نہیں ہوتی۔ مولانا نے یہ ردعمل راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت کے اس بیان پر دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان میں مسلمان محفوظ ہیں۔

سنگھ کے سربراہ کے بیان کو مناسب اور درست قرار دیتے ہوئے مولانا نے کہا کہ اس طرح کے بیانات سے ان لوگوں کے حوصلے پست ہوں گے جو ملک میں تعصب اور نفرت پھیلا رہے ہیں۔ ملک کی آزادی میں ہندو اور مسلمان دونوں کندھے سے کندھا ملا کر ملک کو آزاد کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس لیے کسی بھی کمیونٹی کی شراکت اور کردار کو کم نہیں کیا جا سکتا۔ 'مسلمانوں کو ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں' شہاب الدین رضوی نے کہا کہ ملک کی تقسیم کے وقت جن لوگوں کو جانا تھا، وہ چلے گئے۔ جن لوگوں کو یہاں رہنا تھا، وہ یہیں رہے۔ اب 1947 کی باتیں ماضی بن چکی ہیں۔ پرانی باتوں کو ایشو بنا کر بار بار مسلمانوں کو نشانہ بنانا سماج اور ملک کی صحت کے لیے اچھا نہیں ہے۔ یہ ملک ہمارا ہے، ہمارے بزرگوں نے اسے خون پسینے سے سینچا ہے۔ اس لیے ہندوستان کے مسلمانوں کو کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

مولانا بریلوی نے کہا کہ اب ان چیزوں کی ضرورت نہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر فرد ملک کی ترقی میں حصہ دار بنے۔ ملک کی ترقی ہر فرد کی ترقی ہے۔ موجودہ حالات میں ہندوستان دنیا کی قیادت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پوری دنیا کے لوگ امید بھری نظروں سے ہندوستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ ایسے میں ملک کے اندر فرقہ وارانہ جذبے کے ساتھ باتیں کرنا اور ایک دوسرے کو کمتر دکھانے کی کوشش کرنا ملک کی ترقی میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔