مولانا جلال الدین عمری کو دیا گیاچودھواں شاہ ولی اللہ ایوارڈ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 21-06-2021
مولانا جلال الدین عمری
مولانا جلال الدین عمری

 

 

جماعت اسلامی ہند کے سابق امیر اور آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کے نائب صدر مولانا جلال الدین عمری کو ان کی علمی،فکری اور دعوتی خدمات کی بنیاد پر آج آئی او ایس کے چودھویں شاہ ولی اللہ ایوارڈ سے سرفراز کیاگیا۔ ایوارڈ میں ایک لاکھ روپے کا چیک ، مومینٹو اور شال پیش کیاگیا۔ واضح رہے کہ آئی او ایس کے شاہ ولی اللہ ایوارڈ کی یہ تقریب آن لائن زوم پر منعقد ہوئی۔آن لائن اجلاس کے دوران مولانا عمری کو ان کے گھر پر آئی او ایس کے اسٹاف نے ایوارڈ سپرد کیا اور آن لائن ہی شرکا بورڈ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدراور دارالعلوم ندوة العلماءکے ناظم مولانا رابع حسنی نے خطاب کرتے ہوئے آئی او ایس کے کاموں کی ستائش کی خاص طور پر آئی او ایس کے چیرمین اور بانی ڈاکٹر منظور عالم کی فکری اور تحقیقی خدمات کو سراہا اور فرمایا کہ شاہ ولی اللہ ایوارڈ کیلئے جس شخصیت کا انتخاب کیاگیاہے وہ بہت مناسب ہے اور مولانا جلالد الدین عمری اپنی خدمات کی بنیاد پر اس ایوارڈ کے حقدارہیں۔

آئی او ایس کے چیرمین ڈاکٹر محمد منظور عالم نے اپنے صدارتی خطاب میں کہاکہ اسلامی افکار پر چوطرفہ حملہ ہورہاہے اس دوران خود مسلمانوں کے درمیان بھی کچھ اختلافات نمایاں ہوجاتے ہیں جس سے ہمار ی شبیہ متاثر ہوتی ہے۔ اس دوران یہ ضروری ہے کہ ہم اسلامی افکار او رتراث اسلامی کو عام کریں۔ شاہ ولی اللہ ایوارڈ شروع کرنے کا مقصد یہ تھاکہ جو لوگ فکر ی محاذ پر کام کررہے ہیں اور ان کے اپنے خیالات ہیں ان کی حوصلہ افزائی کی جائے ، ان کے کاموں کو سراہا جائے تاکہ نئی نسل میں مزید ہمت اور حوصلہ پیدا ہو اور اسلامی افکار کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے والے لوگ سامنے آئیں۔

ڈاکٹر محمد منظو رعالم نے کہاکہ آئی او ایس اگلے دنوں میں تاریخ اور تہذیب کے میدان میں بھی مستقل پر کام کرنے کی منصوبہ بندی کررہاہے کیوں کہ اب تاریخ اور تہذیب کو بھی نشانہ بنایاجارہاہے۔ قبل ازیں پروفیسر زیڈایم خان جنرل سکریٹری آئی او ایس نے آئی او ایس کا تعارف پیش کیا۔ سینئر صحافی سہیل انجم نے مولانا جلال الدین عمر ی کا خاکہ پیش کیا۔ ڈاکٹر نکہت حسین نے سپاس نامہ پڑھ کرسنایا، مولانا اطہر حسین ندوی کی تلاوت سے آغاز ہوا اور مولانا شاہ اجمل فاروق ندوی نے نظامت کا فریضہ انجام دیا جبکہ پروفیسر افضل وانی وائس چیرمین آئی او ایس نے سبھی مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔۔