چنڈی گڑھ: پنجاب کے پٹھانکوٹ ضلع میں ہفتہ کو دھماکہ جیسی آوازیں سنائی دینے کے بعد الرٹ جاری کر دیا گیا اور احتیاطی طور پر ضلعی انتظامیہ نے بازار بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔ پٹھانکوٹ اور جالندھر اضلاع میں رات بھر کشیدگی کے بعد صبح سویرے دھماکوں جیسی آوازوں سے لوگ جاگ گئے، جب کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان عسکری تناؤ میں شدید اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ہوشیار پور، امرتسر اور فیروزپور میں فضائی حملوں کے سائرن بجائے گئے۔ پنجاب کی پاکستان کے ساتھ سرحد 532 کلومیٹر طویل ہے۔
حکام کے مطابق، پٹھانکوٹ میں ضلعی انتظامیہ نے ایک کنٹرول روم قائم کیا ہے، جو عوام کی سہولت کے لیے چوبیس گھنٹے کام کرے گا۔ پٹھانکوٹ کے ڈپٹی کمشنر آدتیہ اُپل نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر آسمان سے کوئی بھی شے گرتی ہے تو فوراً قریبی پولیس اسٹیشن یا کنٹرول روم کو مطلع کریں۔ اُپل نے کہا: یہ دیکھا گیا ہے کہ کچھ لوگ ایسی اشیاء کو اٹھا کر اپنے ساتھ لے جاتے ہیں، جو خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔
انہوں نے ایسے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی وارننگ بھی دی۔ انہوں نے عوام سے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی مشتبہ چیز زمین پر نظر آئے تو نہ اس کے قریب جائیں اور نہ ہی اسے ہاتھ لگائیں۔ حکام نے مزید بتایا کہ ہفتہ کی صبح جالندھر ضلع میں بھی دھماکے جیسی آوازیں سنی گئیں، جب کہ ہوشیار پور، امرتسر اور فیروزپور میں سائرن بجنے لگے۔ ہریانہ کے سرسا میں بھی کچھ مقامی لوگوں نے آدھی رات کے بعد دھماکے جیسی آوازیں سننے کا دعویٰ کیا۔ حکام کے مطابق، جالندھر کے کنگنیوال گاؤں میں ایک نامعلوم میزائل رہائشی علاقے میں گرا۔
سرسا کے ایک پولیس افسر نے بتایا کہ آدھی رات کے بعد ایک دیہات کے کھیت میں ایک نامعلوم دھاتی شے کا ملبہ گرا۔ ایک دیہاتی نے بتایا: ہم سو رہے تھے، اچانک زور دار آواز آئی۔ صبح دیکھا تو کھیت میں دھات کی کوئی چیز گری ہوئی تھی۔ بعد میں فوجی آئے اور ملبہ اٹھا کر لے گئے۔ جالندھر کے کنگنیوال گاؤں میں بھی ایک مشتبہ چیز گرنے سے ایک تارک وطن مزدور زخمی ہوا اور کچھ گھروں کو نقصان پہنچا۔
ایک خاتون نے بتایا: میں کھڑکی کے پاس کھڑی تھی، رات تقریباً ڈیڑھ بجے کوئی چیز پانی کی ٹنکی سے ٹکرا گئی، جس سے چار سے پانچ گھروں کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں۔ مقامی باشندے ستندر کمار نے کہا: ہمارے گھر کی پانی کی ٹنکی کو نقصان پہنچا ہے، کئی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ ہر طرف دھواں ہی دھواں تھا۔ ایک اور باشندہ، مسکان، نے کہا کہ رات کو ایک بڑا دھماکہ ہوا، جس کی وجہ سے لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ ایک کار بھی تباہ ہو گئی۔ ہم سب خوف زدہ تھے۔
سروجیت کور نے کہا کہ آسمان میں سرخ روشنی چمکی، جس کے بعد ایک بڑا دھماکہ ہوا۔ جالندھر کے ڈپٹی کمشنر ہمانشو اگروال نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بڑے اجتماعات سے گریز کریں اور اونچی عمارتوں میں جانے سے پرہیز کریں۔ انہوں نے جالندھر چھاؤنی اور آدم پور میں بازار بند رکھنے کے احکامات بھی دیے۔
فگواڑہ کی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اکشیتا گپتا نے کہا کہ ہفتے کو فگواڑہ شہر میں میڈیکل اسٹورز کے علاوہ تمام بازار بند رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ کپور تھلہ میں بھی تمام کاروباری مراکز بند رہے۔ امرتسر، جالندھر، فیروزپور، پٹھانکوٹ اور ترن تارن کے بیاس علاقے میں کچھ مقامات پر مشتبہ اشیاء کا ملبہ پایا گیا۔ فگواڑہ کے کھلیان اور ساہنی گاؤں کے درمیان ایک کھیت میں بھی ایک نامعلوم شے گری، جس سے زمین میں 7–8 فٹ گہرا اور 12–14 فٹ چوڑا گڑھا بن گیا۔
اسی طرح، گورداسپور کے چھچھرا گاؤں میں ایک مشتبہ میزائل گرا، جس سے کھیت میں بڑا گڑھا پڑ گیا۔ یہ حملے جمعہ کی رات کو پاکستان کی جانب سے جموں کشمیر سے لے کر گجرات تک بھارت کے 26 مقامات پر کیے گئے ڈرون حملوں کے بعد سامنے آئے ہیں۔ حکام کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے فیروزپور، پٹھانکوٹ، فاضلکہ اور امرتسر میں کئی پاکستانی ڈرون حملوں کو ناکام بنا دیا۔
فیروزپور کے کھائی فیمے کی گاؤں میں ایک پاکستانی ڈرون سے فائر کی گئی میزائل کا ایک حصہ گرنے سے ایک خاندان کے تین افراد زخمی ہو گئے، گھر اور کار میں آگ لگ گئی۔ یہ کشیدگی اس وقت بڑھی جب بھارتی مسلح افواج نے 22 اپریل کو پہلگام میں ہوئے دہشت گرد حملے کے جواب میں منگل کی رات پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر میں دہشت گرد ٹھکانوں پر میزائل حملے کیے۔