منی پور:بی جے پی نے تمام 60 سیٹوں پر امیدواروں کا کیا اعلان

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 30-01-2022
منی پور:بی جے پی نے تمام 60 سیٹوں پر امیدواروں کا کیا اعلان
منی پور:بی جے پی نے تمام 60 سیٹوں پر امیدواروں کا کیا اعلان

 

 

امپھال: منی پور میں بی جے پی تمام 60 سیٹوں پر الیکشن لڑے گی۔ پارٹی نے امیدواروں کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ 2 موجودہ ایم ایل اے کے ٹکٹ کاٹے گئے ہیں اور کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والے 16 ایم ایل اے میں سے صرف 10 کو بی جے پی کا ٹکٹ ملا۔ ٹکٹ ہولڈرز جہاں خوشی کا اظہار کر رہے ہیں وہیں مایوس عوام شدید احتجاج کر رہے ہیں اور استعفوں کا دور بھی شروع ہو گیا ہے۔

بی جے پی کے حامیوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور منی پور کے وزیر اعلی این بیرن سنگھ کے پتلے بھی جلائے اور نعرے لگائے۔ ریاست کے مختلف حصوں میں پارٹی کے دفاتر میں توڑ پھوڑ کی گئی اور مظاہرین کئی علاقوں میں پلے کارڈز کے ساتھ جمع ہوئے۔ امپھال میں بی جے پی ہیڈکوارٹر کے ارد گرد سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق ٹکٹ کی امید رکھنے والے پارٹی کے کچھ عہدیداروں نے استعفیٰ دے دیا ہے، حالانکہ صحیح تعداد کا پتہ نہیں چل سکا۔ ذرائع کے مطابق، زیادہ تر ناراض لیڈران وہ تھے جو کانگریس سے منحرف ہونے والوں کو ٹکٹ دینے کی وجہ سے منتخب نہیں ہوئے تھے۔

پچھلی بار آنے والے 21 امیدواروں میں سے اس بار 19 کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ 23 فیصد ایسے امیدوار ہیں جو گزشتہ 5 سالوں میں دوسری پارٹیوں سے آئے ہیں۔ کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والے 16 ایم ایل اے میں سے 10 کو بی جے پی کا ٹکٹ ملا ہے۔

گووند داس کھنٹوم جام، جو کانگریس کے سربراہ تھے، کو بھی منی پور میں ٹکٹ ملا ہے۔ 2017 کے انتخابات میں بی جے پی نے 21 سیٹیں جیتی تھیں لیکن چھوٹی پارٹیوں اور آزاد ایم ایل اے کی مدد سے حکومت بنائی تھی۔

بی جے پی ذرائع نے بتایا کہ ان میں سے 19 ایم ایل ایز کو پارٹی ٹکٹ دیا گیا ہے اور تین کو باہر کردیا گیا ہے۔ منی پور بی جے پی نے صرف تین خواتین اور ایک مسلم امیدوار کھڑا کیاہے۔

بی جے پی میں شامل ہونے والے منی پور کانگریس کے سابق سربراہ گووند داس کونتھوجم کو بھی الیکشن لڑنے کے لیے پارٹی ٹکٹ ملا ہے۔ جن تین خواتین کو ٹکٹ ملا ہے ان میں کانگ پوکپی کی نیمچا کپگن، چندیل کی ایس ایس اولیش اور نوریپاکھنگلکپا کی سوریسم کے بی دیوی ہیں۔

بی جے پی نے انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس کے تین سابق افسروں کو بھی میدان میں اتارا ہے – نونگبا سے ڈنگ لونگ گانگمی، کاکچنگ سے ینگکھوم سورچندرا سنگھ اور یوریپک سے رگھومنی سنگھ۔ بی جے پی کے منی پور الیکشن انچارج بھوپیندر یادو نے کہا، "بی جے پی تمام 60 سیٹوں پر مقابلہ کرے گی اور اپنے بل بوتے پر اکثریت حاصل کرے گی۔ مودی حکومت نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ منی پور کو ایک مستحکم حکومت ملے اور وہ خطے کے امن اور ترقی کو یقینی بنائے گی۔