منی پور میں 68.39فیصد پولنگ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 28-02-2022
منی پور میں 68.39فیصد پولنگ
منی پور میں 68.39فیصد پولنگ

 

 

آواز دی وائس، امپھال

منی پور میں 38اسمبلی حلقوں کے لئے ہورہے انتخابات کے پہلے مرحلہ میں پیر کو چھٹپٹ تشدد کے واقعات کے درمیان دوپہر تین بجے تک 68فیصد سے زیادہ رائے دہندگان نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ۔

حکام نے کہاکہ آج موسم خوشگوار رہا اور بڑی تعداد میں رائے دہندگان نے گھروں سے نکل کر پولنگ مراکز پر پہنچے رائے دہندگان کی لمبی قطاریں نظر آئیں صبح پولنگ شروع ہونے پر پولنگ کا عمل سست رہا لیکن جیسے جیسے دن چڑھتا گیا پولنگ مراکز پر لوگوں کی لمبی قطاریں نظر آنے لگیں۔

حکام نے بتایا کہ 68.39 فیصد رائے دہندگان نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرکے اپنے پسندیدہ لیڈروں کے حق میں ووٹ ڈالے۔

ریاست میں امپھال مشرق، کانگ پوکپی ضلع میں پولنگ کے دوران تشدد کی خبر ملی لیکن اضافی دستوں کو بھیج کر صورتحال کو کنٹرول میں کرلیا گیا۔

کیتھ لمنبی میں تصادم کے دوران الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں کو نقصان پہنچا اور پولنگ کا عمل کچھ دیر کے لئے رک گیا جو بعد میں پھر سے شروع ہوا۔

سالٹو حلقہ انتخاب میں کانگریس کے امیدوار ہاو کیپ نے دیگر سیاسی جماعتوں پر خوفزدہ کرنے کا الزام لگایا جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے الیکشن کمیشن میں کانگریسی کارکنوں پر تشدد پر آمادہ ہونے کا الزام لگایا ہے۔

چورا چاند پور ضلع اور امپھال مشرقی ضلع کے کائیراو سے سبھی چھٹ پٹ تشدد کی خبر ملی ہے۔ اس کے علاوہ کچھ حلقوں سے امیدوار نے پیسے اور طاقت کے ذریعہ ووٹ مانگے جانے کا الزام لگایا۔