ممتابنرجی پرقومی ترانے کی اہانت کا الزام،پولس میں شکایت

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 02-12-2021
ممتابنرجی پرقومی ترانے کی اہانت کا الزام،پولس میں شکایت
ممتابنرجی پرقومی ترانے کی اہانت کا الزام،پولس میں شکایت

 

 

ممبئی: ٹی ایم سی سربراہ اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی ممبئی کے دو روزہ دورے پر تھیں۔ دو دنوں کے دوران انہوں نے شیوسینا اور این سی پی کے لیڈروں سے ملاقات کی ہے۔

ممتا کے ممبئی دورے کے درمیان اب ایک تنازعہ بھی ان کے ساتھ شامل ہوتا نظر آرہا ہے۔ شرد پوار سے ملاقات سے پہلے ممتا بنرجی نے دوپہر ایک بجے سول سوسائٹی کے لوگوں سے ملاقات کی۔

اس ملاقات کے دوران ممتا پر قومی ترانے کی توہین کا الزام لگایا جا رہا ہے۔ ممبئی بی جے پی لیڈر وویکانند گپتا نے ممتا کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔

شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ بدھ کے روز مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے مبینہ طور پر بیٹھ کر قومی ترانہ گایا اور پھر 4 یا 5 لائن کے بعد اچانک اسے درمیان میں روک کر وہاں سے چلی گئیں۔

انہوں نے قومی ترانے کی مکمل بے عزتی کی ہے۔ اس لیے پولیس کو اس معاملے میں کیس درج کرکے کارروائی کرنی چاہیے۔ بدھ کو ممبئی میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ شرد پوار سے ملاقات کے بعد، ممتا نے ہم خیال قوتوں پر زور دیا کہ وہ ایک ساتھ آئیں اور حکمراں بی جے پی کے خلاف ایک اجتماعی قیادت قائم کریں۔

دیدی نے کانگریس پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ کانگریس کچھ نہیں کر رہی ہے۔ یو پی اے اب نہیں ہے۔ اس میٹنگ میں پوار اور سی ایم بنرجی کے علاوہ این سی پی کے سینئر لیڈر پرفل پٹیل اور اے اے پی ایم ایل اے راگھو چڈھا بھی موجود تھے۔

اس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شرد پوار نے کہا، ’’سنجے راوت اور آدتیہ ٹھاکرے نے ان سے ملاقات کی۔ آج، میں نے اور میرے ساتھیوں نے اس کے ساتھ طویل گفتگو کی۔

ان کا مقصد یہ ہے کہ آج کے حالات میں ہم خیال قوتوں کو قومی سطح پر اکٹھا ہو کر ایک اجتماعی قیادت قائم کرنا ہو گی۔ پوار نے کہا، ’’ہمیں قیادت کا ایک مضبوط متبادل فراہم کرنا ہے۔

ہماری سوچ آج کے لیے نہیں بلکہ انتخابات کے لیے ہے۔ یہ سوچ قائم کرنی ہے اور اسی نیت سے وہ آئی ہیں۔ اس نے ہم سب کے ساتھ بہت مثبت بات چیت کی ہے۔ ہم 2024 کے عام انتخابات کے بارے میں بھی سوچ رہے ہیں۔