ہند ۔ پاک دوستی ۔ ملالہ یوسف زئی کا خواب

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 01-03-2021
ایک خواب ہے ۔۔
ایک خواب ہے ۔۔

 

 

 نئی دہلی :پاکستان کی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے عوام پرامن زندگی بسر کرنا چاہتے ہیں۔ ملالہ نے کہا کہ ان کا یہ خواب ہے کہ ہندوستان اور پاکستان حقیقی اچھے دوست بن جائیں۔ ملالہ کا یہ احساس ہے کہ اقلیتوں پر ہر ملک میں تحفظ کی ضرورت ہے، خواہ وہ پاکستان ہو یا ہندوستان ۔ یہ مسئلہ مذہب کا نہیں بلکہ اقتدار کا استحصال کا ہے۔اس پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ جئے پور لٹریچر فیسٹیول کے اختتامی دن اپنی کتاب سے متعلق ورچول خطاب کررہی تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ ہندوستانی ہیں اور میں پاکستانی ، اور ہم مکمل طور پر اچھے ہیں تو پھر ہمارے درمیان یہ نفرت کیوں پیدا کی گئی۔ ملالہ نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے حقیقی دشمن غربت، امتیاز اور عدم مساوات ہیں۔ دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے خلاف نہیں بلکہ متحد ہوکر ان کے خلاف جدوجہد کرنی چاہئے۔ ملالہ اس دن کا بھی خواب دیکھتی ہیں کہ جب ہر لڑکی اسکول جائے اور معیاری تعلیم حاصل کرے۔ 23 سالہ ملالہ یوسف زئی نے دنیا بھر میں اقلیتوں کیلئے بھی آواز اٹھائی ہے۔ لڑکیوں کیلئے تعلیم کی اہمیت پر کام کرنے والی پاکستانی کارکن ملالہ یوسف زئی اکتوبر 2012ء میں طالبان کے حملے میں اس وقت کرشماتی طور پر بچ گئی تھیں جب ان کے سر پر گولی لگی تھی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک حقیقی اچھے دوست بن جائیں جہاں عوام ایک دوسرے کے ملک کو جاسکیں۔ ہندوستانی عوام پاکستانی ڈرامے دیکھ سکیں اور پاکستانی عوام بالی ووڈ فلمیں دیکھ سکیں اور کرکٹ میچس سے لطف اندوز ہوسکیں۔