مہاراشٹر:اورنگ آباداور عثمان آباد کا نام ابھی نہیں بدلے گا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 15-07-2022
مہاراشٹر:اورنگ آباداور عثمان آباد کا نام ابھی نہیں بدلے گا
مہاراشٹر:اورنگ آباداور عثمان آباد کا نام ابھی نہیں بدلے گا

 

 

ممبئی: مہاراشٹر کا تخت سنبھالتے ہی وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ادھو ٹھاکرے حکومت کے فیصلوں کو روکنا شروع کر دیا ہے۔ شندے نے ادھو کے فیصلے پر روک لگا دی ہے، جس کے تحت اورنگ آباد اور عثمان آباد کے نام تبدیل کیے گئے تھے۔

دراصل، ادھو ٹھاکرے نے اپنی آخری کابینہ میٹنگ میں اورنگ آباد کا نام بدل کر سمبھاجی نگر اور عثمان آباد کا نام دھاراشیو رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا نام بھی ڈی بی پاٹل رکھنے کا اعلان کیا گیا۔

دوسری جانب ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ دونوں شہروں کے نام بدلنے کا فیصلہ جلد بازی میں لیا گیا۔ ایسے میں حکومت اس پر نئے سرے سے غور کرے گی اور اس تجویز کو کابینہ کے سامنے رکھے گی۔ ادھو ٹھاکرے نے، جو مشکل میں تھے، حکومت گرنے سے پہلے 29 جولائی کو کابینہ کی میٹنگ بلائی تھی۔

اس میٹنگ میں عثمان آباد اور اورنگ آباد کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیاتھا۔ اس پر گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے ادھو حکومت کو خط لکھ کر کہا کہ حکومت اقلیت میں ہے، ایسے وقت میں عوام پسند فیصلے نہیں لیے جا سکتے۔ اس کے بعد دیویندر فڑنویس نے بھی اس فیصلے پر اعتراض کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے یہ فیصلہ جلد بازی میں کیا ہے۔ یہ فیصلہ ادھو ٹھاکرے نے فلور ٹیسٹ کے فیصلے کے بعد لیا، جو غلط ہے۔

اے آئی ایم آئی ایم ایم پی امتیاز جلیل نے بھی اورنگ آباد کا نام تبدیل کرنے پر اعتراض کیا تھا۔ انہوں نے اس فیصلے کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کرنے کا بھی انتباہ دیا تھا۔ امتیاز جلیل نے کہا تھا کہ اورنگ آباد کی پوری دنیا میں ایک تاریخی شناخت ہے۔