مہاراشٹر:بارش کی تباہی ۔پی ایم کی مدد کی یقین دہانی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 23-07-2021
ممبئی میں بارش اور سیلاب کی صورتحال
ممبئی میں بارش اور سیلاب کی صورتحال

 

 

نئی دہلی: مہاراشٹر میں مانسون کے قہر نے زندگی کو پانی پانی کردیا ہے۔

ریاست کے بیشتر علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔عام زندگی ٹھپ ہے، حالات اب سیلاب جیسے ہوچکے ہپیں۔ ریاستی حکومت دن رات بچاو اور راحت کاری میں جٹی ہوئی ہے۔ ساتھ ہی ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی نے مہاراشٹر کو ہرممکن مدد کا یقین دلایا ہے۔

 ریاست کے کئی علاقوں میں ہو رہی بارشوں کے سبب سیلاب کی صورت حال پیدا ہو گئی ہے اور کئی اضلاع پانی میں ڈوب چکے ہیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کونکن ساحل کے لئے ریڈ اور آرنج الرٹ جاری کیا ہے۔

 رتنا گری اور رائے گڑھ میں بارش کی وجہ سے حالات ابتر نظر آ رہے ہیں۔ رتنا گری کے چِپلون اور رائے گڑھ کے مہاڈ میں سیلاب آ گیا ہے اور راحت اور بچاؤ کے لئے این ڈی آر ایف کی ٹیموں کو مامور کیا گیا ہے۔ چِپلوم میں سیلاب کی وجہ سے ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔

 اِگت پوری میں کسارا گھاٹ پر چٹان کھسکنے اور تیز بارش کے سبب سینٹرل ریل کی پٹری تک بہہ گئی ہے۔ ممبئی سے ملحقہ کلیان اور بھونڈی کو بھی سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

 مہاراشٹر کے ٹھانے، پالگھر سمیت ملحقہ علاقوں میں بارش کے سبب حالات خوفناک نظر آ رہے ہیں۔ پالگھر میں بارش کے سبب تین افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ جبکہ پالگھر اور ٹھانے میں لگاتار ہو رہی بارش کی وجہ سے نقل و حمل پوری طرح درہم برہم ہو گئی ہے۔

 وزیر اعظم نریندر مودی نے مہارا شٹر کے کچھ علاقوں میں ہوی بھاری بارش اور سیلاب کی وجہ سے پیدا ہوی غیر معمولی صورتحال کے پیش نطر ریاست کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے سے بات کی اور انہیں مرکزی حکومت کی جانب سے ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ مہاراشٹر کے ضلع رتناگری میں بارش کے بعد ایک ندی میں طغیانی کی وجہ سے کونکن ریلوے نے ریل خدمات کو معطل کرنے کا اعلان کیا ہے ریل خدمات بند ہونے کی وجہ سے چھ ہزار مسافروں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔زیادہ بارش ہونے کی وجہ سے ریاست مختلف علاقوں میں سڑک اور ریل خدمات متاثر ہوئی ہیں۔ متعلقہ عہدیداروں نے راحت رسانی کے لیے این ڈی آر ایف کو بلایا ہے۔­