مہاراشٹر:نوپور شرما کی حمایت پر کیمسٹ کاقتل،5گرفتار

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
مہاراشٹر:نوپور شرما کی حمایت پر کیمسٹ کاقتل،5گرفتار
مہاراشٹر:نوپور شرما کی حمایت پر کیمسٹ کاقتل،5گرفتار

 

 

امراوتی: ادے پور میں درزی کنہیا لال تیلی کے قتل سے صرف ایک ہفتہ قبل، 21 جون کو مہاراشٹر کے امراوتی ضلع میں 54 سالہ کیمسٹ امیش پرہلدراؤ کولہے کا قتل کر دیا گیا تھا۔ تفتیش کاروں کو اب یقین ہے کہ کولہے کو مبینہ طور پر بی جے پی کی نوپور شرما کی حمایت کرنے والی ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے سبب قتل کیا گیا تھا۔

امیش کولہے کے بیٹے سنکیت کوہلے کی شکایت کے بعد، امراوتی کے سٹی کوتوالی پولیس اسٹیشن کی ابتدائی تحقیقات کے نتیجے میں 23 جون کو دو افراد مدثر احمد اور 25 سالہ شاہ رخ پٹھان کو گرفتار کیا گیا۔ ان سے پوچھ گچھ میں مزید چار افراد کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

جن میں سے تین، 24 سالہ عبدالتوفیق، 22 سالہ شعیب خان اور 22 سالہ عاطب راشد کو 25 جون کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ایک اور شمیم ​​احمد فیروز احمد مفرور ہے۔

یہ واقعہ 21 جون کو رات 10 بجے سے 10.30 بجے کے درمیان اس وقت پیش آیا جب امیش کولہے اپنی دکان 'امیت میڈیکل اسٹور' بند کرکے گھر جارہا تھا۔ 27 سالہ سنکیت اور اس کی بیوی ویشنوی اس کے ساتھ دوسرے اسکوٹر پر تھے۔

سنکیت نے پولیس کو اپنی شکایت میں کہا، 'ہم پربھات چوک سے جا رہے تھے اور ہمارا اسکوٹر ویمنس کالج نیو ہائی اسکول کے گیٹ پر پہنچا تھا۔ ایک موٹر سائیکل پر دو آدمی اچانک میرے والد کی اسکوٹی کے سامنے آگئے۔

انہوں نے میرے والد کی موٹر سائیکل روکی اور ان میں سے ایک نے ان کی گردن کے بائیں جانب چاقو سے وار کیا۔ میرے والد گر گئے اور خون بہہ رہا تھا۔

میں نے اپنا اسکوٹر روکا اور مدد کے لیے چیخنے لگا۔ ایک اور شخص آیا اور تینوں موٹر سائیکل پر موقع سے فرار ہو گئے۔ آس پاس کے لوگوں کی مدد سے کولہے کو قریبی ایکسن اسپتال لے جایا گیا، جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔

امراوتی سٹی پولیس کے ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ اب تک گرفتار کیے گئے پانچ ملزمان نے ہمیں بتایا ہے کہ انہوں نے ایک اور ملزم کی مدد مانگی تھی، جس نے انہیں فرار ہونے کے لیے ایک کار اور 10,000 روپے فراہم کیے تھے۔"

انڈین ایکسپریس کے مطابق، اہلکار نے بتایا کہ ایک مفرور ملزم نے دیگر پانچ لوگوں کو قتل کی ذمہ داری سونپی تھی، اس نے ان میں سے دو کو مقتول پر نظر رکھنے اور باقی تین کو میڈیکل اسٹور سے باہر نکلتے ہی خبردار کرنے کو کہا تھا۔

۔سنکیت کی شکایت کے بعد سٹی کوتوالی تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی گئی۔ پولیس کے مطابق، تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ کولہے نے نوپور شرما کی حمایت کرتے ہوئے واٹس ایپ پر ایک سوشل میڈیا پوسٹ شیئر کی تھی۔

غلطی سے اس نے یہ پیغام ایک ایسے گروپ پر پوسٹ کر دیا جس میں مسلمان ممبران تھے جو اس کے گاہک بھی تھے۔ گرفتار ملزموں میں سے ایک کا کہنا تھا کہ یہ پیغمبر کی توہین ہے اس لیے اسے مر جانا چاہیے۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے چاقو، موبائل فون، گاڑی اور واردات میں استعمال ہونے والے کپڑے کو قبضے میں لے لیا ہے اور جائے وقوعہ سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے۔