مہاکمبھ : تقریباً 20 لاکھ عقیدت مندوں نےکیا ہرکی پوڑی سمیت مختلف گھاٹوں پرغسل

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 12-04-2021
مہا کمبھ
مہا کمبھ

 

 

ہری دوار: اتراکھنڈ کے ہری دوار میں جاری مہاکمبھ میں پیر کے روز دوسرے شاہی اشنان کے موقع پر تقریباً 20 لاکھ عقیدت مندوں نے ہر کی پوڑی سمیت مختلف گھاٹوں پر غسل کیا۔ آج سوموتی اماوسیا کا اشنان ہونے کے سبب ایک دن قبل عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد ہری دوار پہنچی تھی، کورونا کی وبا کی وجہ سے ہری دوار کی تمام سرحدوں پر جانچ مہم چلائی گئی تھی، جن مسافروں کے پاس آر ٹی پی سی آر منفی رپورٹ نہیں تھی اور جن لوگوں نے پورٹل پر رجسٹریشن نہیں کرایا تھا انہیں واپس بھیج دیا گیا۔ دریں اثنا اکھاڑا کے بہت سارے سنت کورونا سے متاثر ہونے کی وجہ سے آج کی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ اکھاڑا پریشد کے صدر مہندر نریندر گِری سمیت نرنیہ اکھاڑا کے متعدد سنت کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس سنجے گنجیال نے بتایا کہ پورے میلہ علاقے میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ہری دوار کمبھ میلہ علاقہ کو 23 سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے، جس میں 10 زون اور نو سپر زون بنائے گئے ہیں اور ان سیکٹروں میں سینئر پولیس اور انتظامی افسران کو ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ ہری دوار آنے کے لئے ’روٹ پلان‘ پہلے ہی جاری کر دیا گیا تھا، جس کے تحت ہریانہ اور اتر پردیش کے راستوں سے ہری دوار میں داخل ہونے والے عقیدت مندوں کے لئے گوری شنکر اور دکشدیپ سمیت دھیر والی پارکنگ میں گاڑیاں کھڑی کی گئیں، جبکہ گڑھوال اور دیگر علاقوں سے آنے والے لوگوں کے لئے شمالی ہری دوار میں پارکنگ بنائی گئی ہے۔