مدھیہ پردیش:ہنومان جینتی کے جلوسوں پر مسلمانوں نے برسائے پھول

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 17-04-2022
مدھیہ پردیش:ہنومان جینتی کے جلوس پر مسلمانوں نے برسائے پھول
مدھیہ پردیش:ہنومان جینتی کے جلوس پر مسلمانوں نے برسائے پھول

 

 

بھوپال: حال ہی میں رام نومی اور ہنومان جینتی پر ملک کی مختلف ریاستوں میں تشدد کے کئی واقعات دیکھنے میں آئے۔ فرقہ وارانہ  ٹکراو نے بد امنی پیدا کی۔ اس دوران جان و مال کا کافی نقصان ہوا۔مگر  اس ماحول میں مثبت خبروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ 

جس کا نمونہ ہفتہ کو  مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں دیکھنے کو ملا جہاں ایک خوبصورت تصویر سامنے آئی ہے، جس میں ملک کے اتحاد، سالمیت اور بھائی چارے کی طاقت کو ظاہر کیا گیا ہے۔ یہاں ہنومان جینتی کے جلوس پر مسلمانوں نے پھول نچھاورکئے۔

ایسا ہی منظرکریرامیں دیکھنے کو ملا جہاں مسلمانوں نے جلوس میں شرکت کی۔جلوس میں شامل افرادکو پھل ،شربت تقسیم کئے اور پھولوں کی پنکھڑیاں نچھاورکیں۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ ہفتہ یعنی 16 اپریل کو ہنومان جینتی پر بھوپال شہر میں کئی خاص پروگرام منعقد کیے گئے تھے۔ اس دوران شہر کے مختلف علاقوں میں جلوس بھی نکالے گئے۔ ہندو برادری کے لوگوں کی بڑی تعداد اس تہوار کو مناتے ہوئے دیکھی گئی۔

اس دوران جب ایک جلوس شہر پہنچا تو مسلمان بھی اس تہوار سے لطف اندوز ہوتے اور اپنی شرکت کا مظاہرہ کرتے نظر آئے۔ اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔

اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سڑک پر جلوس کے دوران بڑی تعداد میں لوگ سرخ جھنڈے اٹھائے ہوئے ہیں۔ اس دوران اس جلوس میں کچھ مسلم کمیونٹی کے لوگ بھی نظر آتے ہیں۔ مسلم کمیونٹی کے لوگ وہاں جمع بھیڑ پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے نظر آ رہے ہیں۔ان کے کام کو خوب پذیرائی مل رہی ہے۔

awazurdu

ادھرمدھیہ پردیش کے ہی کریرا نگر میں ہنومان جینتی پر ایک عظیم الشان جلوس نکالا گیا جس میں ہندومسلم بھائی چارہ دیکھنے کو ملی۔ اس دوران مسلم سوسائٹی نے جلوس میں شامل عقیدت مندوں کے لیے شربت کا اہتمام کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ مسلمانو ں نے بھی جگہ جگہ جلوس کا استقبال کیا۔ کالی ماتا مندر سے ہنومان جنم سوت کا جلوس نکالا۔

اسلم خان چکو، شیلو خان، مسلم سوسائٹی کے مکیش سونی نے پولیس امدادی مرکز کے چوراہے پر پہنچنے پر جلوس کا استقبال کیا۔ جلوس میں پیدل آنے والے لوگوں کو ریفریشمنٹ بھی فراہم کی گئی۔ اسٹیشن انچارج ستیش چوہان نے کہا کہ یہاں فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کی مسلسل کوششیں کی جارہی ہیں۔

اس کے لیے تمام مذاہب سے مسلسل اپیل کی گئی کہ وہ اپنے اپنے تہواروں کو فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اتحاد کے ساتھ منائیں۔ اس جلوس کے بس اسٹینڈ پر پہنچنے پر اقبال خان، منا خان، عزیرہ خان، اجمیری سمیت مسلمان بھائیوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے جلوس کا استقبال کیا۔ جلوس میں شامل ہندو بھائیوں کے لیے ریفریشمنٹ اور شربت کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ کچھی گلی تیراہ میں جین سماج نے بھی شربت پلا کر جلوس کا استقبال کیا۔  

بتا دیں کہ حالیہ دنوں میں ملک کی مختلف ریاستوں میں رام نومی کے موقع پر جلوس کے دوران تشدد کے کئی واقعات دیکھنے میں آئے۔ ابھی کل ہی یعنی 16 اپریل کو دہلی میں ہنومان جینتی کے دوران جہانگیر پوری (دہلی جہانگیرپوری) علاقے میں دو برادریوں کے درمیان تشدد پھوٹ پڑا، اس دوران کافی ہنگامہ ہوا۔ جلوس پر پتھراؤ بھی ہوا۔ جس میں پولیس اہلکار سمیت کئی لوگ زخمی ہوئے ہیں۔