مدھیہ پردیش:گربامیں آنے والے مسلمانوں کے لئے وزیرثقافت کی شرط

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 14-09-2022
مدھیہ پردیش:گربامیں آنے والے مسلمانوں کے لئے وزیرثقافت کی شرط
مدھیہ پردیش:گربامیں آنے والے مسلمانوں کے لئے وزیرثقافت کی شرط

 

 

بھوپال: مدھیہ پردیش کی شیوراج سنگھ چوہان حکومت میں وزیر ثقافت اوشا ٹھاکر کے گربے کو لے کر دئیے گئے بیان پر سیاست شروع ہو گئی ہے۔ اوشا ٹھاکر نے کہا ہے کہ اگر مسلمان مورتیوں کی پوجا کر سکتے ہیں اور قرآن انہیں اس کی اجازت دیتا ہے تو وہ گربا میں شرکت کر سکتے ہیں۔

بتا دیں کہ اوشا ٹھاکر نے ریاست میں ’لو جہاد‘ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے دعوے کو دیکھتے ہوئے وارننگ جاری کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ گربا میں شرکت کرنے والوں کو گربا مقامات میں داخل ہونے کے لیے شناختی ثبوت ساتھ رکھنا ہوگا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے مدھیہ پردیش کی وزیر ثقافت نے کہا ہے کہ ہم تمام ضلع مجسٹریٹوں سے درخواست کر رہے ہیں کہ جو بھی گربا پنڈال میں آئیں، وہ اپنے ساتھ شناختی کارڈ لائیں۔ کوئی بھی شخص اپنی شناخت چھپا کر گربا پنڈال میں داخل نہ ہو۔

دوسری جانب گربا میں جانے والے مسلمانوں کے بارے میں وزیر ثقافت نے کہا کہ اگر وہ بت پرستی پر یقین رکھتے ہیں اور قرآن اس کی اجازت دیتا ہے تو ان کا استقبال ہے لیکن تفریح ​​کے لیے نہیں آئیں۔ وہ اپنی بیوی بچوں کے ساتھ وشواس کے ساتھ آ سکتے ہیں۔

غور طلب ہے کہ گربا ایک روایتی رقص ہے جو نو روزہ ہندو تہوار نوراتری کے دوران پیش کیا جاتا ہے۔ اس سے قبل اوشا ٹھاکر نے کہا تھا کہ عام طور پر لوگ اور تمام منسلک تنظیمیں اچھی طرح جانتے ہیں کہ گربا پنڈال ’لوجہاد‘ کا ایک بڑا ذریعہ بن گیا ہے۔ اس کو مدنظر رکھتے ہوئے، ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ کوئی بھی اپنی شناخت چھپا کر گربا پنڈال میں داخل نہ ہو۔ یہ ایک نصیحت کے ساتھ ساتھ ایک تنبیہ بھی ہے۔

اوشا ٹھاکر کے اس بیان پر کانگریس نے بی جے پی پر حملہ کیا ہے۔ کانگریس نے کہا ہے کہ بی جے پی لیڈروں کی اس طرح کی غیر ذمہ دارانہ حرکتوں کی وجہ سے ریاست میں امن و امان کی صورتحال بگڑ گئی ہے۔ بی جے پی لیڈروں کو گربا پنڈال کی سیکورٹی سے کوئی سروکار نہیں ہے، وہ صرف سیاسی روٹیاں سینکنے کے لیے ایسا ماحول بنا رہے ہیں۔ بی جے پی لیڈر سماج کو تقسیم کرنے کے لیے ایسا کر رہے ہیں۔ یہ سراسر قابل مذمت ہے۔