لیفٹیننٹ جنرل پانڈے کی فوجیوں کے ساتھ نماز میں شرکت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 11-05-2021
 لیفٹیننٹ جنرل پانڈے فوجیوں سے خطاب کے  دوران
لیفٹیننٹ جنرل پانڈے فوجیوں سے خطاب کے دوران

 

 

 نئی دہلی

کشمیر سمیت ملک بهر میں فرقه وارانہ منافرت کی فضا کے بیچ اکثر ہمیں ہم آہنگی کی ایسی مثالیں دیکھنے کو مل جاتی ہیں جو اصل میں قوم کے اجتماعی ڈی این اے میں موجود رواداری کی غمازی کرتی ہیں ۔ ایسی ہی ایک مثال ہمیں فوج کے ایک اعلی افسر کی طرف سے دیکھنے کو ملی ۔ سری نگر میں جموں و کشمیر لائٹ انفنٹری (جے اے سی ایل آئی) کے جوانوں کے ساتھ کشمیر میں واقع چنار کور جنرل آفیسر کمان کمانڈ (جی او سی) لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے کی مغرب کی نماز میں شرکت والی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ اس پوسٹ میں 'سیکولر ہندوستان' اور ہندوستانی فوج کی عظیم روایات کی تعریف کی جارہی ہے۔

جے اے سی ایل آئی جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے فوجیوں کو راغب کرتی ہے اور اسی وجہ سے اس میں مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔ اس رجمنٹ میں بدھ مت سمیت تمام مذاہب کے تہوار منانے کی روایت ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل پانڈے سری نگر کے جے اے سی ایل آئی رجمنٹٹل سنٹر میں موجود تھے جہاں انہوں نے فوجیوں کے ساتھ نماز اور افطار میں شرکت کی۔ لیفٹیننٹ جنرل پانڈے نے اپنے فوجیوں کے ساتھ دعا مانگنے کی متعدد تصاویر ٹویٹر پر شیئر کیں۔

 

واضح رہے کہ جے اے سی ایل آئی کو اکتوبر 1947 میں پاکستانی حملہ آوروں سے لڑنے کے لئے رضاکار فوجیوں کی رجمنٹ کے طور پر تشکیل دیا گیا تھا۔ یہ سن 1972 تک وزارت داخلہ کے ماتحت رہا اور 1972 میں ہندوستانی فوج کی ایک مکمل انفنٹری رجمنٹ بن گیا۔