لاؤڈ اسپیکرکا مسئلہ غیر ضروری:نتیش کمار

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
لاؤڈ اسپیکرکا مسئلہ غیر ضروری:نتیش کمار
لاؤڈ اسپیکرکا مسئلہ غیر ضروری:نتیش کمار

 

 

پٹنہ: بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اپنی کابینہ میں بی جے پی کے اتحادیوں کی مذہبی مقامات (مسجدوں) سے لاؤڈ اسپیکر ہٹانے کی رائے کی حمایت نہیں کرتے ہیں۔ اس مسئلہ پر نتیش نے جمعہ کو کہا کہ اس طرح کا مطالبہ غیر ضروری ہے اور وہ ریاست میں اس طرح کے مطالبات سے متفق نہیں ہیں۔

انہوں نے اپنے کابینہ کے ساتھیوں کا نام لیے بغیر کہا کہ انہیں جو کہنا ہے، کہتے رہیں۔ نتیش کمار، سابق وزیر اعلیٰ جیتن رام مانجھی کی رہائش گاہ پر افطار کے بعد چہل قدمی کے دوران صحافیوں کے سوالات کا جواب دے رہے تھے۔

جمعہ کو ہی معدنیات کے وزیر جنک رام نے اپنی کابینہ میں اس مطالبہ کو دہرایا کہ مساجد سے لاؤڈ اسپیکر ہٹائے جائیں۔ اس سے پہلے بھی کئی بی جے پی ممبران بشمول وزراء، ایم ایل اے اس مطالبے کی حمایت کر چکے ہیں۔

تاہم، بی جے پی کے ایک سینئر رکن اور نتیش کابینہ میں صنعت کے وزیر شاہنواز حسین کا کہنا ہے کہ لاؤڈ اسپیکر کو کسی مذہب سے جوڑنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اس کی ایجاد سے پہلے بھی لوگ عبادت اور اذان دونوں کیا کرتے تھے۔ یقیناً نتیش کمار کے بیان کے بعد جہاں بی جے پی کی پولرائزیشن کی سیاست کو دھچکا لگا ہے وہیں اقلیتی سماج کے لوگ راحت کی سانس لیں گے۔

نتیش نے اس بار بھی رمضان کے مہینے میں نصف درجن سے زیادہ افطار پارٹیوں میں شامل ہو کر یہ پیغام دیا ہے کہ فی الحال وہ بی جے پی کے ایجنڈے سے بہت دور ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ ان کے اپنے نائب وزیر اعلیٰ تارکیشور پرساد نے افطار پارٹی میں عربی رومال اور ٹوپی دونوں پہننے سے گریز کیا۔

اس کے ساتھ ہی جمعہ کو نتیش کو اس معاملے پر راشٹریہ جنتا دل کے لیڈر تیجسوی یادو اور ہم پارٹی کے بانی جیتن رام مانجھی کی حمایت ملی۔

جہاں تیجسوی نے اس مسئلے کو بے روزگاری سے جوڑتے ہوئے کہا کہ جہاں سے لاؤڈ اسپیکر ہٹایا جاتا ہے، اسے ہائی کورٹ کے حکم سے ہٹا دیا جانا چاہیے، لیکن کیا اسے ہٹانے سے ملک میں بے روزگاری کا مسئلہ حل ہو جائے گا؟ دوسری جانب مانجھی نے کہا کہ لاؤڈ اسپیکر اور گھنٹی بجانے سے کچھ نہیں ہوتا اور یہ سب غیر ضروری موضوعات ہیں۔