مہاراشٹر کے تھانے میں محدود لاک ڈاؤن، 16 ہاٹ سپاٹ کی پہچان

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 3 Years ago
مہاراشٹر کے تھانے میں محدود لاک ڈاؤن
مہاراشٹر کے تھانے میں محدود لاک ڈاؤن

 

 

ممبئی: تھانے میونسپل کارپوریشن نے شہر میں کورونا کے 16 ہاٹ سپاٹ کی پہچان کر کے وہاں محدود لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے۔ یہ نفاز 31 مارچ تک رہےگا۔ ریاستی وزیر اعلی اودھو ٹھاکرے کی سربراہی میں ہونے والی ایک میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ میٹنگ میں کلیکٹرز ، ڈویزنل کمیشنرز اور کورونا پر بنی ٹاسک فورس کے ممبران نے شرکت کی۔

یہ میٹنگ ریاست میں فروری کے دوسرے ہفتے سے کورونا کے کیسوں میں اچانک سے ہونے والے اضافے کے پیش نظر بلائی گئی تھی۔ میٹنگ میں اضافے کی وجہ تلاش کرنے کے لئے تشکیل دی گئی ٹیم کی رپورٹ پر غور و خوض کیا گیا۔

دوسری طرف ملک کی کچھ ریاستوں میں کورونا وائرس میں اچانک اضافے کے درمیان گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مرنے والوں کی تعداد کے ساتھ ساتھ فعال معاملات میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ اس دوران ملک میں اب تک دو کروڑ تیس لاکھ سے زیادہ آٹھ ہزار افراد کو کورونا کی ویکسین لگائی جاچکی ہے۔

منگل کی صبح صحت کی مرکزی وزارت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا انفیکشن کے 15388 نئے کیس سامنے آئے ہیں، جس سے متاثرین کی تعداد ایک کروڑ 12 لاکھ 44 ہزار 786 ہوگئی ہے۔

پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 16596 مریض صحت مند ہوچکے ہیں، جنہیں ملاکر اب تک 10899394 مریض کورونا سے نجات پاچکے ہیں۔ فعال معاملات کی تعداد 1285 سے کم ہو کر 187462 ہوگئی۔ اسی دوران، مزید 77 مریضوں کی موت کے ساتھ، اس بیماری سے مرنے والے افراد کی تعداد 157930 ہوگئی ہے۔