’’من کی بات‘‘میں وزیراعظم نے کہا’’ ہم ملک کے لئے جینا سکھیں‘‘

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 27-06-2021
’’من کی بات‘‘میں وزیراعظم
’’من کی بات‘‘میں وزیراعظم

 

 

نئی دہلی

وزیراعظم نریندر مودی نے آج ایک بارپھر ’من کی بات‘ کی۔ اس ریڈیوپروگرام میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے آزادی کے امرت مہوتسو کو متاثر کن قرار دیا۔

انھوں نے اتوار کے روز کہا کہ ’انڈیا فرسٹ‘ (سب سے پہلے ہندوستان) ملک کے عوام کا اصل منتر ہونا چاہیے۔ پی ایم مودی نے آکاشوانی پر نشر ہونے والے اپنے 78 ویں ’من کی بات‘ پروگرام میں کہا کہ انڈیا فرسٹ ملک کے عوام کا اصل منتر ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا ’’آج ہم نے کورونا کی مشکلات اور احتیاط پر بات کی، ملک اور ملک کے عوام کی کئی کامیابیوں پر بھی بات کی۔ اب ایک اور بڑا موقع بھی ہمارے سامنے ہے۔

 

پندرہ اگست بھی آنے والا ہے۔ آزادی کے 75 برس کا امرت مہوتسو ہمارے لئے بڑی تحریک ہے۔ ہم ملک کے لئے جینا سکھیں‘‘۔ انہوں نے مزید کہا ’’آزادی کی لڑائی میں ملک کے لئے مرنے والوں کی کہانی ہے۔ آزادی کے بعد کے اس وقت کو ہمیں ملک کے لئے جینے والوں کی کہانی بنانا ہے۔ ہمارا اصل منتر ’انڈیا فرسٹ‘ ہونا چاہیے۔

 

ہمارے فیصلے، ہر فیصلے کی بنیاد انڈیا فرسٹ ہونی چاہیے‘‘۔ پی ایم مودی ایسے وقت ملک کےعوام سے مخاطب ہوئے جب ملک ڈیلٹا پلس ویریئنٹ کی نئی مصیبت سے جوجھ رہاہے۔ پی ایم مودی نے اس معاملے پر بات کی۔ ساتھ ہی ویکسی نیشن کو لیکر بھی چرچا کی۔

وزیراعظم نے ملکھا سنگھ کو بھی یاد کیا جن کا گزشتہ دنوں انتقال ہوگیاتھا۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز عوام کو متنبہ کیا کہ وہ یہ سمجھنے میں غلطی نہ کریں کہ کورونا وائرس کی بیماری ختم ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ وائرس اپنی شکل بدلتا رہتا ہے لہذا اس کی روک تھام کا واحد طریقہ یہ ہے کہ وہ کورونا وائرس سے متعلق تمام پروٹوکول کی پیروی کریں اور کورونا کا ٹیکہ لگوائیں۔

اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نے لوگوں کو ویکسین کے بارے میں لوگوں کے خدشات کو دور کرنے کی کوشش کی اور ان سے اپیل کی کہ وہ الجھن میں نہ پڑیں اور افواہوں پر توجہ نہ دیں۔ لوگوں کی الجھن کو دور کرنے کے لئے وزیر اعظم نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ میں نے کورونا کی دونوں خوراکیں لے لی ہیں۔ میری والدہ کی عمر تقریباً 100 سال ہے۔

انہوں نے بھی دونوں خوراکیں لے لی ہیں لہذا ویکسینیشن سے متعلق کسی بھی افواہوں پر دھیان نہ دیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ سائنسدانوں نے یہ ویکسین بہت محنت اور ایک سال کی سخت محنت کے بعد بنائی ہے لہذا ہمیں سائنس پر اعتماد کرنا چاہئے، اپنے سائنسدانوں پر اعتماد کرنا چاہئے۔

جھوٹ پھیلانے والے لوگوں کو سمجھایا جائے کہ وہ جھوٹ نہ پھیلائیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ جاری ہے اور 21 جون کو ویکسینیشن مہم کے تیسرے مرحلے کے پہلے دن 86 لاکھ سے زائد افراد مفت میں ویکسین لگوائی ہیں۔

مودی نے کہا کہ ویکسین نہ لینا نہایت خطرناک ہوسکتا ہے اور اس سے نہ صرف ایک شخص کی زندگی خطرے میں پڑے گی، بلکہ اس سے اس کے کنبے اور گاؤں بھی خطرے میں پڑ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ایسے بہت سے گاؤں ہیں جہاں 100 فیصد ویکسینیشن ہوچکی ہے یا اس کے قریب ہے۔ وزیر اعظم نے اس سلسلے میں کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے تین گاؤں اور ناگالینڈ کی مثال دی۔