علم سیکھنا اورپھیلانا اسلام کا بنیادی اصول ہے:مولانا رضی احمد

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 27-01-2022
علم سیکھنا اورپھیلانا اسلام کا بنیادی اصول ہے:مولانا رضی احمد
علم سیکھنا اورپھیلانا اسلام کا بنیادی اصول ہے:مولانا رضی احمد

 

 

رجب العالم/ ہوجائی

مولانا کودیکھ کرآپ کے ذہن میں کیا تصویر آتی ہے؟ آپ فوراًسوچتےہیں کہ وہ یا تو قرآن پاک کی تلاوت کریں گے، مسجد یا عیدگاہ میں نماز پڑھائیں گے اور مدرسہ میں پڑھائیں گے لیکن مولانا رضی احمد اس سے مستثنیٰ ہیں۔ ایک دن میں پانچ مرتبہ قرآن مجید کی تلاوت اور نماز پڑھنے یا امامت کرنے کے علاوہ، مولانا رضی احمد ہمیشہ اسلام کے نظریات کے موروثی مفہوم کی ترجمانی میں مصروف رہتے ہیں تاکہ دوسرے مذاہب کے لوگوں کو مسلمانوں کے بارے میں منفی اور غلط تصویریں بنانے سے روکا جا سکے۔

یہ مولانا رضی احمد کی اعلیٰ تعلیمی قابلیت کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔ 1983 میں بہار میں پیدا ہوئے، مولانا رضی نے 1995 میں حفظ کیا۔ یعنی انہوں نے پورا قرآن یاد کیا۔ اس کے بعد انہوں نے 1996 میں تجوید مکمل کیا۔ 2005 میں انہوں نے میں اپنی بیچلر کی ڈگری(فضیلت) دارالعلوم دیوبند سے مکمل کی۔  خیال رہے دارالعلوم  ہندوستان کے اسلامی علوم کے لیے اعلیٰ ترین ادارہ ہے۔ تاہم مولانا راضی نے اپنا علمی سفر وہیں ختم نہیں کیا۔دارالعلوم دیوبند سے فراغت کے بعد انہوں نے جامعہ ملیہ اسلامیہ(نئی دہلی)میں داخلہ لیا اور وہاں سے 2009 میں گریجویشن کیا۔ فی الوقت ان کے پاس دو زبانوں میں ماسٹر ڈگریاں ہیں۔ اردو میں جامعہ ملیہ اسلامیہ سے اورانگریزی میں ایم اے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدرآباد سے کیا۔

مولانا رضی کی علم کی پیاس وہاں بھی نہیں بجھی۔ وہ دہلی میں جواہر لال نہرو یونیورسٹی (JNU) گئے اور19ویں صدی میں اردو صحافت میں ایم فل مکمل کیا۔ اسی یونیورسٹی سے انہوں نے 2017 میں "Colaniliism (Colonialism)، Resistance and the Urdu Journalism" میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔اس کے علاوہ مولانا رضی نے 'انگریزی زبان و ادب'، 'جدید فارسی زبان' اور 'فنکشنل عربی' میں ڈپلومہ بھی حاصل کیا ہے۔

  مولانا رضی اس وقت وسطی آسام کے ہوجائی ضلع میں مرکز المعارف میں کام کر رہے ہیں، تعلیم اور تدریس میں اپنی گہری دلچسپی کے لیے جانے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ بہار میں اپنے گاؤں میں پہلے گریجویٹ، ماسٹر ڈگری ہولڈر اور ڈاکٹریٹ ہیں۔ وہ یہ بات تسلیم کرتے ہیں کہ وہ اپنی زندگی کے ابتدائی دنوں میں اعلیٰ تعلیم اور یونیورسٹی کے دائرہ کار سے ناواقف تھے۔ ان کے بڑے بھائی نے ایک مدرسہ سے تعلیم حاصل کی تھی، وہ کبھی اسکول نہیں گئے۔ تاہم ان کے بھائی کے دوستوں کا حلقہ وسیع تھا۔ جس میں وکلاء، پروفیسرز اور ڈاکٹرز وغیرہ سب شامل تھے۔

awazthevoice

مولانا رضی احمد لیکچر دیتے ہوئے 

مولانا رضی کے اعلیٰ تعلیمی ذوق وشوق کو دیکھ کر ان لوگوں نے ابتدائی دور میں ان کی رہنمائی کی۔ بعد میں مولانا رضی کی علم کی جستجو انہیں ہندوستان کی بہترین یونیورسٹی میں لے گئی۔مولانا رضی کا کہنا ہے کہ وہ اسلام کی حقیقی روح کے ساتھ عمل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ قرآن پاک کی پہلی وحی ’’اقرا‘‘ ہے جس کا مطلب ہے ’’پڑھنا‘‘۔ ان کے نزدیک علم سیکھنا اور حاصل کرنا اسلام کا بنیادی اصول ہے۔ جب تک کوئی مطالعہ نہ کرے وہ اسلام کو صحیح معنوں میں نہیں سمجھ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم اسلام کو صحیح طریقے سے نہیں سمجھیں گےتو ہم اپنے مذہب کو دوسروں کے سامنے صحیح طریقے سے بیان نہیں کر پائیں گے۔اپنے لباس اور لمبی داڑھی کے سوال پر مولانارضی احمد کہتے ہیں کہ انہیں کبھی کسی امتیاز کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور نہ ہی کبھی اپنے لباس یا شکل وصورت کی بے عزتی کی گئی ہے۔چاہے وہ یونیورسٹی ہو یا کام کی جگہ۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کے خیالات اور طرز عمل نے انہیں مختلف مذاہب کے دوستوں اور خیر خواہوں کے دل جیتنے کے قابل بنایا ہے۔ لباس کسی کی ذاتی پسند ہے۔ کسی کا لباس کبھی بھی انسانوں اور زندگیوں کے بارے میں کسی کے نقطہ نظر کی وضاحت نہیں کرتا ہے۔ کسی شخص کی قدر کا تعین اس کے حاصل کردہ علم سے ہوتا ہے۔

 مولانا رضی نے کہا کہ مختلف فورمز پر اسلام کی غلط تشریح کی گئی ہے، چونکہ قرآن پاک عربی میں لکھا گیا ہے، اس لیے بہت سے لوگ اسلام کے گہرے مفہوم کو نہیں سمجھ سکتے۔اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے ہمیں اعلیٰ تعلیم اور علم حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ مسلمانوں کو اعلیٰ تعلیم یافتہ بنانے کے ساتھ ساتھ، اسلام کا صحیح پیغام بھی دنیا کے سامنے پیش کرنا ضروری ہے۔