جیل میں گزرےگی لالوکی ہولی، ضمانت پر سماعت ٹلی

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 11-03-2022
جیل میں گزرےگی لالوکی ہولی، ضمانت پر سماعت ٹلی
جیل میں گزرےگی لالوکی ہولی، ضمانت پر سماعت ٹلی

 

 

پٹنہ: چارہ گھوٹالہ کیس میں مجرم لالو پرساد یادو کی ضمانت پر آج رانچی ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ لالو کی عرضی عدالت میں قبول کر لی گئی ہے۔

درحقیقت لالو کے وکیل نے سماعت کے دوران تمام ضروری دستاویزات عدالت میں پیش کیے جنہیں قبول کرلیا گیا۔

اس کے ساتھ ہی نچلی عدالت سے ریکارڈ کی مانگ کی گئی ہے۔ اب کیس کی آخری سماعت یکم اپریل کو ہوگی۔

غور طلب ہے کہ اس معاملے میں آخری بار 4 مارچ کو بھی سماعت ہوئی تھی، لیکن فیصلے سے پہلے ہی معاملہ دستاویزات پر لٹکا ہوا تھا۔

عدالت کو درخواست میں کچھ خامیاں نظر آئیں۔ اس کے بعد اسے مکمل کرنے کو کہا گیا اور اگلی تاریخ 11 مارچ دی گئی۔

بتا دیں کہ لالو چارہ گھوٹالہ کے سب سے مشہور ڈورانڈا ٹریژری کیس میں 139.35 کروڑ روپے کی غیر قانونی نکاسی کے معاملے میں سزا کاٹ رہے ہیں۔

انھیں پانچ سال قید اور 60 لاکھ جرمانہ کیا گیاہے۔ انہوں نے اس فیصلے کو عدالت میں چیلنج کیا۔ اس پر آج سماعت ہوئی۔

لالو یادو کی صحت مسلسل خراب ہو رہی ہے۔ وہ رانچی کے اسپتال میں ہیں۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ لالو یادو کا گردہ مسلسل خراب ہو رہا ہے۔ ڈائیلاسز ضروری ہے، ان کا گردہ 80 فیصد سے زیادہ خراب ہے۔

ضمانت میں بیماری کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ اگر گردے کی حالت ایسی ہی رہی تو جلد ڈائیلاسز بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔

لالو یادو دیگر بیماریوں سے بھی لڑ رہے ہیں۔ لالو یادو ذیابیطس، بلڈ پریشر، گردے، دانتوں کی دیگر کئی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔