لکھیم پورتشدد:دوگرفتار،تین زیرحراست،وزیرکے بیٹے کی تلاش

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
لکھیم پورتشدد:دوگرفتار،تین زیرحراست،وزیرکے بیٹے کی تلاش
لکھیم پورتشدد:دوگرفتار،تین زیرحراست،وزیرکے بیٹے کی تلاش

 

 

لکھنؤ :پولیس نے اتوار کو ہنگامہ آرائی اور تشدد کے ایک معاملے میں لکھیم پور کھیری میں چار کسانوں سمیت آٹھ افراد کی موت کے سلسلے میں کسانوں کی ایف آئی آر میں نامزد دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی تین افراد کو پوچھ گچھ کے لیے تحویل میں لیا گیا ہے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ اجے کمار مشرا کے بیٹے آشیش مشرا کی تلاش جاری ہے۔

لکھیم پور کھیری تشدد میں 4 اکتوبر کو آٹھ افراد کی ہلاکت کے معاملے میں سیاست میں تیزی آنے کے ساتھ ساتھ پولیس پر کاروائی کے لیے دباؤ ہے۔ پولیس نے اس تشدد کے سلسلے میں درج مقدمہ میں ملزم لوکش اور آشیش پانڈے کو گرفتار کیا ہے۔

اس معاملے کی جانچ کرنے والی پولیس نے پوچھ گچھ کے لیے تین افراد کو حراست میں لیا ہے۔ تشدد اور ہنگامہ کے اس واقعے میں ملوث آشیش پانڈے اور لوکش زخمی بھی ہیں۔ ان دونوں کو گرفتار کرنے کے بعد آئی جی رینج لکشمی سنگھ ان سے پوچھ گچھ کر رہی ہیں۔

ان دونوں پر الزام ہے کہ وہ اس گاڑی میں موجود تھے جو جیپ کے پیچھے تھی۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ جس میں جیپ نظر آرہی ہے جو کچھ لوگوں کو روندتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہے۔ ابھی پولیس مرکزی ملزم وزیر کے بیٹے آشیش مشرا کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔

آئی جی لکھنؤ زون لکشمی سنگھ ، جو 4 اکتوبر کو فسادات اور تشدد کے بعد سے لکھیم پور کھیری میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں ، نے بتایا کہ موقع پر فائرنگ یا کسی ہتھیار سے زخمی ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

اسی لیے ہمیں دوسرے ثبوتوں کے ساتھ آگے بڑھنا ہے جو ہمیں دیے گئے ہیں۔ تین افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔