کولکتہ پولیس نے نوپور شرما کوکیا طلب

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 13-06-2022
کولکتہ پولیس نے نوپور شرما کوکیا طلب
کولکتہ پولیس نے نوپور شرما کوکیا طلب

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

کولکتہ پولیس نے بی جے پی کی معطل رہنما نوپور شرما کو پیغمبراسلام کے بارے میں متنازعہ تبصرے کے الزام میں سمن جاری کیا ہے۔ کولکتہ کی نارکل ڈانگا پولیس نے ضابطہ فوجداری 1973 کی دفعہ 41A کے تحت سمن جاری کیا ہے۔ نوپور شرما کو 20 جون کو پولیس اسٹیشن میں پوچھ گچھ کے لیے بلایا گیا ہے۔

سٹی پولیس ذرائع نے بتایا کہ سمن ایک شکایت کے بعد جاری کیا گیا۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ نوپور کے متنازعہ ریمارکس کے بعد ہی مغربی بنگال میں کئی مقامات پر تشدد شروع ہوا۔

کولکتہ پولیس سے پہلے مہاراشٹر پولیس نے بھی اسی معاملے پر نوپور شرما کو نوٹس جاری کیا تھا اور 25 جون کو صبح 11 بجے پائدھونی پولیس اسٹیشن میں حاضر ہونے کو کہا گیا تھا۔

نوپور شرما کے متنازعہ تبصروں پر مغربی بنگال کے کئی علاقوں میں تشدد پھوٹ پڑا۔ ہاوڑہ کے البیریا، ڈوم جور اور پنچلا علاقوں میں کشیدگی برقرار ہے۔

اسی طرح کی صورتحال مرشد آباد اور نادیہ جیسے اقلیتی اکثریتی علاقوں میں بھی دیکھی جارہی ہے۔

وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے مشتعل افراد کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا اور بی جے پی پرتشدد بھڑکانے کا الزام لگایا۔

ریاست میں بی جے پی کے کئی سینئر لیڈران بشمول پارٹی ایم پی سکانتا مجمدار نے کشیدہ علاقوں میں مرکزی مسلح افواج کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے۔