مدرسہ کی جانب سے سیلاب متاثرین کی امداد جاری

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 26-07-2021
 دارالعلوم کولہ پور
دارالعلوم کولہ پور

 

 

آواز دی وائس، ممبئی

ریاست مہاراشٹر ان دنوں سیلاب کی زد میں ہے،گذشتہ ایک ہفتہ سے ہو رہی ہے بارش نے یہاں کی روز مرہ کی زندگی کو زبردست متاثر کیا ہے۔

ریاست کے متعدد اضلاع میں سیلاب کی وجہ سے ہزاروں افراد متاثر ہوگئے ہیں۔ضلع کولہاپور میں بھی سیلاب کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔

اس مشکل صورت حال میں کولہاپورکے شیرولی میں واقع ایک مدرسہ'دارالعلوم' کی جانب سے انسانی زندگی تک راحت رسانی کے پیغام کو پہنچانے کا کام مسلسل جاری ہے۔

اب تک مدرسہ کی جانب سے 400 سے زائد سیلاب متاثر کی امداد کی جا چکی ہے۔

دارالعلوم کی جانب سے متاثر کو ہر ممکن سہولت بہم پہنچائی جا رہی ہے۔ تمام بنیادی ضرورتیں مثلاً کھانا، پانی، رہائش، بستر وغیرہ کا مفت انتظام کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مدرسہ کے منتظم کی جانب سے ایک ڈاکٹر بھی مہیا کرایا گیا ہے تاکہ سیلاب متاثرین کو کسی بھی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

awazurdu

 مدرسہ کے نگراں و منتظم حاجی اسلم سید نے اس سلسلے میں کہا کہ ہم برسوں سے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے کام کرتے آ رہے ہیں۔ ہمیں یہ معلوم ہوا کہ بہت سے لوگ کولہا پور کے شیرولی علاقے میں پونہ بنگلورو قومی شاہراہ  نمبر چار پر پھنسے ہوئے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ اس خبر کے تصدیق ہونے کے بعد مدرسہ کے شوری کی ایک ہنگامی میٹنگ طلب کی گئی؛ اس میٹنگ میں یہ  فیصلہ لیا گیا کہ ہم یہاں مدرسہ کے احاطہ میں میں تمام سیلاب متاثرین کے لیے راحت رسانی کا کام کریں گے۔

انھوں نے مزید کہا کہ خواتین اور بچوں کے لیے علاحدہ نظم کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ان کی سہولت کے لیے ایک خاتون کو بھی مقرر کیا گیا ہے، تاکہ وہ متاثرہ خواتین کے مسائل سے واقف ہوں، مدرسہ کے ذمہ داران تک باتوں کو پہنچائیں۔

حاجی اسلم سید کے مطابق مدرسہ میں آنے والے متاثرین میں متعدد افراد بیمار ہیں، ان کی طبی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے ایک ڈاکٹر کی بھی سہولت رکھی گئی۔  

چونکہ ریاست میں سیلاب اور تودے گرنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے،اسی سبب  مہاراشٹر کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر 34 این ڈی آر ایف کی ٹیمیں تعینات کردی گئیں ہیں۔

ایک سرکاری بیان کے مطابق ، این ڈی آر ایف کی ٹیموں نے آج تقریباً 500 پھنسے ہوئے افراد کو نکالا اور 44 افراد کو متاثرہ علاقوں سے بچایا۔

این ڈی آر کی جانب سے مسلسل امدادی کارروائی جاری ہے۔ اب تک ان کی جانب سے 3100 سے زیادہ پھنسے ہوئے لوگوں کو بچا لیا ہے اور مہاراشٹر میں موجودہ سیلاب کے دوران 1250 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ دیگر اضلاع مثلاً رائے آباد، رتناگری، اور ستارا اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے ہیں۔ یہاں بھی امدادی کارروائی کا کام جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق اب تک 90 لاشوں این ڈی آر ایف کی ٹیم نے تلاش کر لیا ہے، باقی 33 افراد ابھی تک لاپتہ ہے۔