اجمیرکے زائرین سڑک حادثے کا شکار ،14 جاں بحق

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 14-02-2021
خطرناک سڑک حادثہ
خطرناک سڑک حادثہ

 

 اجمیر شریف کی زیارت کیلئے جانے کے دوران پیش آنے والے ایک خطرناک سڑک حادثے میں 14افرادجاں بحق ہوگئے ہیں- یہ افراد آندھرا پردیش کے ضلع چتور کے مدن پلی سے درگاہ کے لئے جا رہے تھے- ہلاک ہونے والوں میں 8 خواتین،پانچ مرداور ایک بچہ شامل ہیں جبکہ دیگر چار بچے شدید زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ ہفتہ کی صبح آندھر پردیش کے کرنول ضلع کے مدن پور گاوں میں اُس وقت پیش آیا جب زائرین کو لے جا رہی وین ایک لاری سے ٹکراگئی۔

پولیس نے کہا کہ مدن پلی ٹاون کے ون ٹاون علاقہ سے تعلق رکھنے والے 18افراد زیارت کیلئے جارہے تھے کہ وین کا ڈرائیور توازن کھو بیٹھا اور وین روڈ ڈیوائیڈرسے ٹکرانے کے بعد سڑک کی دوسری طرف ایک تیز رفتار لاری سے ٹکراگئی۔یہ حادثہ اتنا خطرناک تھا کہ 14افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔زخمیوں کو علاج کے لئے کرنول کے جی جی ایچ منتقل کردیاگیا جہاں ایک لڑکے کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

حادثہ اتنا شدید تھا کہ وین کو شدید نقصان پہنچا اور یہ لوہے کے ڈھانچہ میں تبدیل ہوگئی۔حادثہ کے مقام پر دلخراش مناظر دیکھے گئے کیونکہ سڑک پر لاشیں بکھری ہوئی تھیں۔کئی لاشیں وین میں پھنس گئی تھیں جن کو کرین کی مدد سے کافی جدوجہد کے بعد نکالنے میں کامیابی حاصل کی گئی۔حادثہ کے ساتھ ہی مقامی افراد نے راحت رسانی کا کام شروع کردیا ۔اس حادثہ کی مقامی افراد کی جانب سے اطلاع پر پولیس وہاں پہنچی جس نے زخمیوں کو علاج کے لئے اسپتال منتقل کیا جبکہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیاگیا۔

مرنے والوں کے پاس موجود آدھار کارڈاور فون نمبرات کی تفصیلات کی بنیاد پر ان کی شناخت ضلع چتور کے بالاجی نگر کے رفیع،جعفر، دستگیرکے خاندانوں کے طورپر کی گئی ہے۔یہ حادثہ شب تقریبا4.30بجے پیش آیا۔مہلوکین کی شناخت 65سالہ نذیر بی،50سالہ دستگیر،46سالہ اے جان،16سالہ سمیرہ،15سالہ امیرون،36سالہ رفیع،30سالہ مصطفی،ایک سالہ ریان،32سالہ جعفر ولی،25سالہ روشنی،34سالہ نازیہ،63سالہ امیرجان،55سالہ نذیر(ڈرائیور)،38سالہ شفیع(میکانک)کے طورپر کی گئی ہے۔

اطلاع ملتے ہی ضلع کلکٹر جی ویراپانڈین اور ایس پی فقیرپا مقام حادثہ پہنچے۔ایس پی نے میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی جانچ میں پتہ چلا کہ وین کا ڈرائیور حالت نیند میں تھاجس کے نتیجہ میں اس نے وین کے اسٹیرنگ سے توازن کھودیا اور یہ حادثہ پیش آیا۔وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی اور اپوزیشن لیڈر این چندرابابونائیڈو نے اس حادثہ پر صدمہ کا اظہارکیا۔وزیراعلی نے ضلع کلکٹر کو ہدایت دی کہ زخمیوں کے لئے مناسب اور بہتر علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔پوسٹ مارٹم کے بعد لاشوں کو ان کے ارکان خاندان کے حوالے کردیاگیا۔

 وزیراعظم نریندر مودی نے آندھر پردیش کے ضلع کرنول میں پیش آنے والے اندوہناک سڑک حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے- اس حادثے میں 14 افراد موقع پر ہی جان بحق ہوگئے تھے- اپنے تعزیتی پیغام میں وزیراعظم نریندر مودی نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے  کہا کہ اے پی کے ضلع کرنول میں سڑک حادثہ پر مجھے صدمہ ہوا ہے۔ اس صدمہ کی گھڑی میں میری ہمدریاں ان لوگوں کے ساتھ ہیں جو اپنے عزیزوں سے محروم ہوگئے۔