خواجہ صاحب نے سبھی طبقوں کی خدمت کی:محمودمدنی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 15-02-2021
اجمیرمیں جمعیت کے میڈیکل کیمپ کا افتتاح
اجمیرمیں جمعیت کے میڈیکل کیمپ کا افتتاح

 

 

اجمیر:عرس کے موقع پر ، جمعیت علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے جمعیت کے میڈیکل کیمپ کا افتتاح کیا۔انھوں نے اس موقع پر کہاکہ پرتھوی راج چوہان کے اجمیر کا انتخاب کیا خواجہ معین الدین چشتی نے کیا اور آپ نے محبت کے ذریعہ لاکھوں لوگوں کے دل جیت لئے۔ ذرائع کے مطابق خواجہ غریب نواز کے شہرمیں میڈیکل کیمپ کا مقصد سالانہ عرس کے دوران زائرین کو طبی خدمات فراہم کرناہے۔

واضح ہوکہ جمعیت کی جانب سے میڈیکل کیمپ کا سلسلہ2016 سے جاری ہے۔ یہ میڈیکل کیمپ سال میں دو بار لگایا جاتا ہے۔ مولانا محمود مدنی نے کہا کہ سلطان ہند خواجہ خواجگان معین الدین چشتی اجمیری نے مذہب کے امتیاز سے بالاتر ہوکر تمام لوگوں کی خدمت کی ، اپنے اعلی اخلاق اور کردار سے لاکھوں کو فائدہ پہنچایا۔ یہی وجہ ہے کہ آج آٹھ سو سال گزر جانے کے باوجود ان کا نام سورج سے زیادہ روشن ہے۔

مولانا مدنی نے کہا کہ جمعیت علمائے ہند کے کارکنوں کو خواجہ صاحب کی سرزمین پر خدمات انجام دینے کا موقع ملا ہے ، جہاں عرس کے موقع پر لاکھوں زائرین آتے ہیں۔ مولانا مدنی نے کہا کہ خواجہ صاحب کی زندگی ہمیں یہ تعلیم دیتی ہے کہ اچھے القاب اور جاہ وحشمت سے کوئی بلند نہیں ہوتا بلکہ جہد مسلسل سے دنیا اور آخرت میں سرخروئی ملتی ہے۔

انھوں نے کہا جمعیة علماءکسی خاص طبقے کی نمایندگی نہیں کرتی بلکہ یہ ملت کی نمایندگی کرتی ہے اورجب وہ بات کرتی ہے تو اس کے سامنے ملت اسلامیہ کا مفاد ہو تا ہے۔مولانا مدنی نے کہا کہ آج کے مشکل کے وقت میں بے فکری سے کام چلنے والا نہیں ہے۔ مولانا مدنی نے کہا کہ اولاد کی تربیت پر ہماری توجہ اتنی ہے کہ اگر اسکی شادی کرنی ہو تو بے انتہا خرچ کریں گے، لیکن تربیت کا معاملہ ہو تو جتنی توجہ پالتو بکری کی دیکھ ریکھ پر ہوتی ہے، اتنی بھی اولاد کی تربیت پر نہیں کرتے۔انھوں نے کہا کہ باہر کا بدلاو اتنا ضروری نہیں ہے جتنا اندر کا ضروری ہے۔زمانہ آج ہماری طرف دیکھ رہا ہے کہ ہے کوئی مصیبت زدہ کی مدد کرنے والا، مظلوموں اور پریشان حال لوگوں کو سیدھا راستہ دکھلانے والااور نفرت کا جواب محبت دے کر دلوں کو فتح کرنے والا۔اس لیے ضرور ی ہے کہ خواجہ صاحب کی زندگی سے نصیحت حاصل کرکے ہمیں ٹوٹے دلوں کو جوڑنا ہے۔

اس موقع پر درگا اجمیر شریف کے نائب ناظم ڈاکٹر عادل نے عرس کے موقع پر جمعیة علماءہند کی خدمات کی ستائش کی اور کہا کہ جس طرح جمعیة علماءکے خدام نے گزشتہ سال کئی لاشوں کو ایمبولینس کے ذریعہ ان کے وطن تک پہنچایا،وہ ایک ایسا کام ہے جو عرس کی بھیڑ کے موقع پر کوئی سوچ بھی نہیں سکتا۔ان کے علاوہ درگاہ اجمیر شریف کے ناظم اشفاق حسین، عبدالواحد انگارہ چشتی، مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعیة علاءہند نے بھی خطاب کیا، جمعیة علماءراجستھان صدر قاری محمد امین نے پروگرام کی صدارت کی اور پروگرام کی نظامت مولانا شبیر احمد قاسمی نائب صدر جمعیةعلماءراجستھان نے انجام دی، درگاہ اجمیر شریف کے دیگر ذمہ داران آل بدر چشتی، مصور علی چشتی،محمود حسین پارسد، جمعیة علماءہند کے آرگنائزر مولانا علیم الدین اجمیری، مولانا ابوالحسن پالن پوری، جمعیة علماءگجرات کے سکریٹری عتیق الرحمن قریشی،مولانا حفظ الرحمن تھور پالن پور، مولانا محمد یونس سیکر، مولانا محمد ایوب،مولانا رمضان جودھور سمیت راجستھان کے الگ الگ اضلاع سے جمعیة کے ذمہ داران بھی اس تقریب میں شریک ہوئے۔ اس تقریب کے بعد مولانا مدنی نے دہلی گیٹ اجمیر شریف پر ایک کلینک کا افتتاح کیا جو درگا ہ شریف سے قریب واقع ہے۔