کھرگون اور کرولی تشدد:مسلم تنظیموں کے رہنماوں کا وفد جلد دورہ کرے گا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 14-04-2022
 کھرگون اور کرولی تشدد:مسلم تنظیموں کے رہنماوں کا وفد جلد دورہ کرے گا
کھرگون اور کرولی تشدد:مسلم تنظیموں کے رہنماوں کا وفد جلد دورہ کرے گا

 

 

آواز دی وائس :نئی دہلی

ملک میں مسلم اقلیت کے خلاف نفرت کے بڑھتے واقعات اور رام نومی کی شوبھا یاترا کے موقع پر ملک کی کئی ریاستوں میں فرقہ وارانہ تشدداور پھر ایک خاص کمیونٹی کے مکانات پر بلڈوذر چلانے کی کارروائی نے تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔

مسلم جماعتوں پر کوئی قدم اٹھانے کے لیے دباؤ بڑھ گیا ہے،  دہلی میں سرکردہ مسلم مذہبی جماعتوں اور معروف شخصیات کی خصوصی میٹنگ ہوئی ،جس میں امیر جماعت اسلامی ہند انجینئرسید سعادت اللہ حسینی، مرکزی جمعیۃ اہل حدیث کےصدر مولانااصغر علی امام مہدی سلفی،ممتاز شیعہ عالم علامہ محسن تقوی،علامہ جلال حیدر نقوی،ویلفیئرپارٹی کے صدر ڈاکٹر قاسم رسول الیاس،جماعت اسلامی کے شعبہ قومی امور کے سکریٹری محمد احمد،دہلی اقلیتی کمیشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر ظفر الاسلام خاں،مسلم مجلس مشاورت کے صدر نوید حامد،ملی کونسل کے نمائندے صفی اختر،مسلم پرسنل لا ءبورڈ کے فاؤنڈرممبر کمال فاروقی،سرکردہ سماجی کارکن ندیم خان وغیرہ شریک تھے۔

یہ میٹنگ مرکزجماعت میں ہوئی اسے جمعیۃ علماد ہند(م) کی بھی تائید حاصل تھی۔ اس اہم میٹنگ میں مختلف ٹھوس تجاویز پر غور خوض ہوا۔ حالیہ فسادات خصوصاً کھرگون اور کرولی کی صورتحال اور سرکار کے رویے پر گفتگو ہوئی اور یہ طے پایا کہ جلد ہی اعلیٰ سطحی وفد ان دونوں مقامات کا دورہ کرے گا اور دیگر متاثرہ مقامات کا بھی دورہ کرے گا۔ وہاں ہوئے نقصانات کا جائزہ لے گا ،وہاں کے مقامی حکام اور ضرورت ہوئی تو وزرائے اعلیٰ سے بھی ملاقات کی جاے گی۔