کشمیر میں پولیس اب بلٹ پروف گاڑیوں میں چلے گی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 14-12-2021
کشمیر میں پولیس اب بلٹ پروف گاڑیوں میں چلے گی
کشمیر میں پولیس اب بلٹ پروف گاڑیوں میں چلے گی

 


آواز دی وائس، سری نگر

پیرکی شام سری نگر کے جیون میں پولیس بس پر دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو سرکاری اعزاز کے ساتھ خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

 شہداء کی جسد خاکی کو پولیس ہیڈ کوارٹر سری نگر میں رکھا گیا اور پولیس اہلکاروں نے انہیں آخری رسومات ادا کیں۔ کشمیر کے آئی جی پی وجے کمار نے حملے کے بعد کہا ہے کہ اب سے پولیس اہلکار ہمیشہ بلٹ پروف گاڑیوں میں سفر کریں گے۔

ان کے مطابق دہشت گرد پولیس فورس سے اسلحہ چھیننے کی کوشش کر رہے تھے۔

شہید پولیس اہلکاروں کو آج سرکاری اعزاز کے ساتھ خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

وجے کمار نے بتایا کہ دہشت گرد 13 دسمبر2021 کو پولیس بس پر حملے میں ہتھیار چھیننے کی کوشش کر رہے تھے۔ حملہ ہوتے ہی پولیس نے موثر جوابی کارروائی کی۔

جیش محمد کے دہشت گردوں نے مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر یہ حملہ کیا۔ اس حملے میں جیش کے 3 دہشت گرد ملوث ہیں، 2 غیر ملکی اور ایک مقامی دہشت گرد اس میں ملوث ہے۔

جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد زخمی ہوا اور خون کے نشانات سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ پامپور کے راستے ترال کے علاقے کی طرف بھاگا تھا۔

پولیس افسر نے بتایا کہ مسلح ریزرو فورس کی 9ویں بٹالین کے 25 پولیس اہلکار بس میں سوار تھے جس پر حملہ کیا گیا۔ دہشت گردوں نے شام چھ بجے جیون کے قریب بس پر حملہ کیا۔ جس طرح یہ حملہ کیا گیا، ایسالگتا ہے کہ یہ ایک منصوبہ بند دہشت گردانہ حملہ تھا۔