کرناٹک حجاب تنازعہ: عدالتی فیصلے کے خلاف کامیاب بند

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 17-03-2022
کرناٹک حجاب تنازعہ: عدالتی فیصلے کے خلاف کامیاب بند
کرناٹک حجاب تنازعہ: عدالتی فیصلے کے خلاف کامیاب بند

 

 

منگلورثو : امارات شرعیہ بنگلور و کی جانب سے حجاب معاملے میں ہائی کورٹ فیصلےسےعدم اطمینان کااظہار کرتےہوئے اعلان شدہ 17مارچ کے بند کا ریاست میں ملاجلا اثردیکھاگیا۔ہبلی، چک منگلورو، اُڈپی ، منگلورو اور بھٹکل وغیرہ شہروں میں مسلم ملکیت والے تجارتی کامپلکس ، دکانیں وغیرہ مکمل بند رہیں تو وہیں چند مقامات پربرادران وطن نےبھی یک جہتی کا مظاہرہ کرتےہوئے اپناکاروبار بند رکھا۔

اسی طرح کئی مقامات پر باحجاب طالبات کو کالج کی کلاسوں میں شریک ہونے سے روکے جانےپر طالبات کی طرف سے احتجاج کئے جانےکی بھی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ بھٹکل میں ہائی کورٹ کا فیصلہ سامنے آتے ہی 15 مارچ کی دوپہر سے ہی مسلمانوں نے اپنی ناراضگی ظاہر کردی تھی اور کئی علاقوں میں مسلمانوں نے اپنی اپنی دکانوں کو بند کردیا تھا، اگلے روز یعنی 16 مارچ کو بھٹکل کے تمام مسلمانوں نے اپنے کاروباری اداروں کو بند رکھا تھا، مگر جب کرناٹک کے امیر شریعت مولانا صغیر احمد رشادی نے پوری ریاست میں بند منانے کی اپیل کی  تھی۔

 بھٹکل کے مسلمانوں نے جمعرات کو بھی اپنے اپنے کاروباری اداروں کو بند رکھتے ہوئے باحجاب طالبات کے ساتھ اپنی یکجہتی کا ثبوت پیش کیا ۔ آج بند کے موقع پر دکانوں کے ساتھ مسلمانوں کے تعلیمی ادارے بھی بند رہے، ماری کٹہ، چوک بازار، مین روڈ، محمد علی روڈ، شمس الدین سرکل، بندر روڈ، ساگر روڈ، نیشنل ہائی وے ، نوائط کالونی، مدینہ کالونی، آزادنگر، جالی روڈ، کارگیدے وغیرہ تمام علاقے آج بند کے موقع پر سنسان نظر آئے۔ راستوں پر چہل پہل بھی کافی کم رہی۔ بنگلور میں بند کی آواز پر شیواجی نگر، چامراج پیٹ، کولار،رام نگرم ،علی پور سمیت تمام مسلم علاقوں میں مکمل بند رہا

۔اسی طرح گلبرگہ، بیدر، ہبلی ،دھارواڑ وغیرہ میں بھی مسلمانوں کے کاروباری ادارے مکمل بند رہے۔ ہبلی کے پرانے علاقے میں گنیش پیٹ، درگد بئیل ، شاہ بازار سمیت مختلف جگہوں پر واقع مسلمانوں کی دکانیں بند رہیں۔ ہمیشہ گاہکوں سے پُررہنے والے یہ علاقے گاہک نہ ہونے سے سنسان نظر آرہے تھے۔

اسی طرح چک منگلوروکے آئی جی روڈ، ایم جی روڈ، بار لین ، ملمدور ، اوپلی سمیت مختلف علاقوں کی دکانیں ، ہوٹل ، کامپلکس بند رہے۔ اُڈپی میں بھی مسلمانوں کی دکانیں بند رہیں۔ منگلورو:حجاب معاملے میں صادر ہوئے ہائی کورٹ فیصلے کے خلاف شہر کی جہاں مسلم علاقوں میں کامپلکس، دکانیں بند رہیں ۔ سنٹرل مارکیٹ، اسٹیٹ بینک روڈ، بندرگاہ میں واقع مسلم دکانیں اپنے کاروبار کے ساتھ باکڑا بیوپار بھی بند رہا۔ اسی طرح بندرگاہ پر ماہی گیری کی سرگرمیاں بھی بند رہیں۔