'کرناٹک حجاب تنازعہ: مسلم تنظیموں کا عدالتی فیصلے کے خلاف 17مارچ کو' بند

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 16-03-2022
کرناٹک حجاب تنازعہ: مسلم تنظیموں کا عدالتی فیصلے کے خلاف  17مارچ کو بند کا اعلان
کرناٹک حجاب تنازعہ: مسلم تنظیموں کا عدالتی فیصلے کے خلاف 17مارچ کو بند کا اعلان

 

 

آواز دی وائس، بنگلورو

کرناٹک ہائی کورٹ کی جانب سے دیے گئے حجاب پر فیصلے کے بعد مسلمانوں کی اکثریت اس کے خلاف نا راضگی ظاہر کررہی ہے۔مسلم رہنماوں اور تنظیموں نے اس کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ فیصلہ کو قرآن کے برعکس قرار دیا ہے۔ تنازعہ کی جنم بھومی کرناٹک میں درجہ حرارت زیادہ محسوس کیا جارہا ہے۔ 

کرناٹک کے آمیر شریعت مولانا صغیر احمد رشادی نے ریاست بھر کے مسلمانوں کو مخاطب کرتے ہوئے اپیل کی کہ وہ کل جمعرات کو اپنے اپنے کاروبار کو بند رکھ کر حکومت کو پیغام دیں کہ مسلمانوں کے لئے حجاب فرض ہے۔

مولانا نے کہا کہ حجاب کے سلسلے میں کرناٹک ہائی کورٹ نے افسوسناک فیصلہ سنایا ہے ۔ مولانا نے کہا کہ تمام علماء ، تنظیم ، ملی ،فلاحی ادارے، خواتین تنظیمیں ، ذمہ داران مساجد، عمائدین ملت اور وُکلاء کی طرف سے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کل جمعرات 17 مارچ کو پوری ریاست کرناٹک میں ایک دن کا مکمل اور پُرامن بند منایا جائے گا۔

مولانا نے ریاست کے تمام مسلمانوں جملہ ملازمین، تاجر ، مزدور، طلبہ و طالبات، وکلاء، ہر ایک طبقہ سے اپیل کی کہ وہ اس بند میں شریک ہوکر اس کو کامیاب بنائیں اور حکومت کو باور کرایا جائے کہ ہمارے ملک میں مذہب پر عمل کرتے ہوئے تعلیم حاصل کرنا ممکن ہے، مولانا نے انصاف پسند برادران وطن سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی اس بند میں شامل ہوں۔

حجاب پر کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد معاملہ گرم ہونا شروع ہو گیا ہے۔ اب تک مسلم تنظیمیں اور علمائے کرام اس فیصلے پر اعتراض کرتے رہے ہیں۔ ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے کرناٹک کی مسلم تنظیموں نے17 مارچ کو کرناٹک بند کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی عوام سے اسے کامیاب بنانے کی اپیل کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ  امارت شرعیہ کرناٹک کی ایک اہم مسلم تنظیم ہے۔ کرناٹک کی تمام مسلم تنظیموں نے جمعرات کو کرناٹک بند کی کال دی ہے۔امارت شرعیہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حجاب کے حوالے سے ہائی کورٹ کے حالیہ افسوسناک فیصلے سے ناراض ہوکر کرناٹک میں ایک روزہ پرامن بند کا اعلان کیا گیا ہے۔

امارت شرعیہ نے تمام مسلم تنظیموں، مساجد کے اماموں، مسلم خواتین کی تنظیموں سے جمعرات کو کرناٹک میں ایک روزہ پرامن بند کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔

امارت شرعیہ نے تمام مسلم ملازمین، تاجروں، مزدوروں، طالب علموں اور سماج کے ہر طبقے سے اپیل کی ہے کہ وہ اس بند میں شامل ہو کر حکومت کو بتائیں کہ ملک میں مذہب کی پیروی کرتے ہوئے تعلیم حاصل کرنا ممکن ہے۔ ملک کے انصاف پسند بھائیوں سے بھی اس بند میں شامل ہونے کی درخواست کی گئی ہے۔

اس کے ساتھ ہی مسلم نوجوانوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ زبردستی دکانیں، کاروبار بند کرنے یا نعرے لگانے اور جلوس نکالنے سے باز رہیں۔ بند بہت پرامن ہونا چاہیے اور یہ  صرف اپنے غصے کے اظہار کے لیے۔