کرناٹک: پب میں بجرنگ دل کارکنوں کا ہنگامہ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 26-07-2022
کرناٹک: پب میں بجرنگ دل کارکنوں کا ہنگامہ
کرناٹک: پب میں بجرنگ دل کارکنوں کا ہنگامہ

 

 

منگلورو: کرناٹک کے منگلورو میں کل رات بجرنگ دل کے کارکن مبینہ طور پر ایک پب میں گھس گئے اور وہاں چل رہی پارٹی کو زبردستی روک دیا۔ اس پارٹی کا اہتمام ایک پرائیویٹ کالج کے طلباء نے کیا تھا۔

عہدیداروں نے بتایا کہ بجرنگ دل کے کارکنوں نے منگلورو کے بالمتا علاقہ میں ریسائیکل پب کی انتظامیہ سے اس تقریب کو روکنے کو کہا۔ انھوں نے وہاں پر پارٹی کرنے والی لڑکیوں کی مخالفت کی اور طالبات کو پب چھوڑنے کو کہا۔

کارکنوں نے طلباء کے ساتھ بدتمیزی بھی کی۔ بجرنگ دل کے ضلعی سربراہ شرن پمپویل نے بتایا کہ کچھ دن پہلے کالج کے کچھ طالب علموں کا ایک "فحش" ویڈیو وائرل ہوا تھا، اور پب میں پارٹی کرنے والے طلباء کا تعلق اسی ادارے سے تھا۔ اس لیے ہمارے کارکن پارٹی کو روکنے کے لیے پب میں گئے۔

منگلورو پولیس کمشنر سشی کمار نے کہا کہ کچھ تنظیموں کے ارکان نے دعویٰ کیا ہے کہ پب میں "غیر قانونی سرگرمیاں" ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا، "جب پولیس موقع پر پہنچی، تب تک پب بند ہو چکا تھا اور تقریباً 20 لڑکے اور 10 لڑکیوں کو پب سے نکلتے دیکھا گیا تھا۔" انہوں نے کہا کہ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔

ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ گزشتہ ہفتے، کیرالہ کے ترواننت پورم میں ایک بس اسٹاپ پر ایک بینچ پر ایک ساتھ بیٹھے ہوئے کچھ اسکولی لڑکے اور لڑکیوں پر بھی مبینہ طور پر حملہ کیا گیا تھا۔