کرناٹک حکومت آر ایس ایس رجسٹریشن کی مانگ کا مطالعہ کرے گی: ایچ کے پاٹل

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 09-06-2026
کرناٹک حکومت آر ایس ایس رجسٹریشن کی مانگ کا مطالعہ کرے گی: ایچ کے پاٹل
کرناٹک حکومت آر ایس ایس رجسٹریشن کی مانگ کا مطالعہ کرے گی: ایچ کے پاٹل

 



بنگلورو
کرناٹک کانگریس کے رکنِ اسمبلی اور سابق ریاستی وزیر ایچ کے پاٹل نے منگل کو کہا کہ نئے وزیرِ داخلہ پریانک کھڑگے نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کو باضابطہ طور پر رجسٹر کرنے کے اقدامات پر سنجیدگی سے غور کیا ہے۔
ایچ کے پاٹل نے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس معاملے کا جائزہ لینا ہوگا کہ ہماری نئی حکومت کا موقف کیا ہوگا۔ جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں، ہمارے وزیرِ داخلہ نے ان تمام معاملات پر کافی غور و فکر کیا ہے۔ آگے کیا ہوتا ہے، یہ دیکھنا ہوگا۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کرناٹک کے وزیر پریانک کھڑگے نے سرکاری املاک پر آر ایس ایس کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کرنے اور اس کی شاخوں (شاکھاؤں) کی رجسٹریشن کا مطالبہ کیا ہے۔
گزشتہ سال پریانک کھڑگے نے آر ایس ایس پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ تنظیم سرکاری کالجوں، اسکولوں، یونیورسٹیوں، کھیل کے میدانوں اور آثارِ قدیمہ کے مقامات کا استعمال "کم عمر بچوں کے ذہنوں میں زہر بھرنے" کے لیے کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا، "وہ سرکاری کالجوں، اسکولوں، یونیورسٹیوں، میدانوں اور آثارِ قدیمہ کے مقامات کو کس مقصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں؟ وہ کم عمر بچوں کے ذہنوں میں زہر بھر رہے ہیں۔ وہ ان میں مذہبی نظریات داخل کر رہے ہیں۔ مجھے کیا دعا کرنی ہے، کیا کھانا ہے اور کیا پہننا ہے، یہ میرے والدین گھر پر سکھائیں گے۔ اسکول میں بچوں کو تعلیم حاصل کرنی چاہیے۔ وہ یہاں اس لیے آتے ہیں تاکہ تعلیم حاصل کر کے غربت سے باہر نکل سکیں۔ پریانک کھڑگے نے مزید کہا کہ جب ہم اقتدار میں ہیں تو سرکاری املاک کو فرقہ وارانہ نفرت کے بیج بونے کے لیے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔
آر ایس ایس کی 2025 کی چٹاپور پرچم ریلی کے بعد بھی پریانک کھڑگے نے تنظیم اور اس کی شاخوں کی باضابطہ رجسٹریشن کا مطالبہ کیا تھا۔مارچ 2026 میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ تمام دستیاب ویڈیوز، تصاویر، ڈرون فوٹیج اور پینورامک شاٹس استعمال کر کے 8 ہزار افراد کے اجتماع کو بڑا دکھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ آر ایس ایس کو اپنی شبیہ اور ساکھ بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کی عادت ہے۔ کسی دعوے کو بار بار دہرایا جائے تو وہ سچ محسوس ہونے لگتا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ یہ جان کر بھی اچھا لگا کہ کرناٹک میں آر ایس ایس کی 4,127 شاخیں ہیں۔ متعلقہ دستاویزات تیار رکھیں، کیونکہ آپ کو جلد ہی ان کی رجسٹریشن کرانی ہوگی۔ پسِ پردہ کارروائیاں کرنے کے بجائے آر ایس ایس کی خدمات اور کاموں پر کھلے اور شفاف مباحثے میں کیوں نہ شامل ہوا جائے؟ آخر ایک صدی کی مبینہ بے لوث خدمت اور قوم سازی کے دعوے بھی پیش کیے جا سکتے ہیں۔