کرناٹک: بجرنگ دل کے حامی کا چاقو سے قتل

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 21-02-2022
کرناٹک: بجرنگ دل کے حامی کا چاقو سے قتل
کرناٹک: بجرنگ دل کے حامی کا چاقو سے قتل

 

 

بنگلورو: کرناٹک کے شیموگا ضلع میں اتوار کی رات تقریباً 9 بجے بجرنگ دل کے ایک کارکن کو چاقو مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ 26 سالہ بجرنگ دل کارکن کا نام ہرشا ہے۔ قتل کے بعد شیواموگا میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ ابتدائی تفتیش میں پولیس اسے حجاب تنازعہ سے بھی جوڑ رہی ہے کیونکہ ہرشا نے اپنے فیس بک پروفائل پر حجاب کے خلاف اور زعفرانی شال کی حمایت میں ایک پوسٹ لکھی تھی۔کرناٹک کے اڈوپی میں جب سے حجاب تنازعہ کا معاملہ سامنے آیا ہے تب سے بجرنگ دل کافی سرگرم ہے۔ ایسے میں پولیس بجرنگ دل کے کارکن کے قتل کو ایک سازش کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ تاہم پولیس نے ابھی تک اس بارے میں کچھ نہیں کہا ہے۔

کرناٹک میں جاری حجاب تنازعہ کی وجہ سے ماحول پہلے ہی کشیدہ ہے۔ ایسے میں بجرنگ دل کے کارکن کے قتل کے بعد حالات مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔ اس وقت پولیس چوکس ہے اور پورے ریاستی سیکورٹی نظام کو چوکنا کردیا گیا ہے۔

بجرنگ دل سمیت کئی ہندو تنظیمیں اسکولوں میں حجاب کے داخلے کی مخالفت کر رہی ہیں۔ اس سے قبل کرناٹک کے کوپا کے ایک سرکاری اسکول میں زعفرانی پہنے طالبات نے حجاب کے خلاف احتجاج کیا۔ یہ الزام لگایا گیا تھا کہ اسکول نے طالبات کو زعفران پہن کر آنے کی اجازت دی تھی اور مسلم طالبات کو حجاب نہ پہننے کو کہا تھا۔

اس کے بعد اسکول نے اپنے حکم میں کہا کہ 10 جنوری تک طلباء اپنی مرضی کے مطابق کپڑے پہن سکتے ہیں۔ احتجاج میں طلباء نے زعفرانی اسکارف پہننا شروع کر دیا ہے۔ دوسری طرف کرناٹک کے بجرنگ دل کنوینر سنیل کے آر نے حجاب تنازعہ کو حجاب جہاد قرار دیا تھا۔کرناٹک حجاب معاملے میں کرناٹک کانگریس کے ایک رہنما کا ایک ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں وہ حجاب کی مخالفت کرنے والوں کو دھمکیاں دیتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ وائرل ویڈیو میں مکرم خان یہ کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ حجاب کی مخالفت کرنے والوں کے ٹکڑے کر دیے جائیں گے۔ 

خان نے مبینہ طور پر کہا تھا کہ ہماری ذات (مذہب) کو تکلیف نہ پہنچائیں، تمام ذاتیں برابر ہیں۔ تم کچھ بھی پہن لو، تمہیں کون روکے گا؟ پولیس نے کانگریس لیڈر کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 153 (اے)، 298 اور 295 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔