کرن گوساوی کی پونے سے گرفتاری

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 28-10-2021
 کرن گوساوی  پونے سے گرفتار
کرن گوساوی پونے سے گرفتار

 

 

پونے : ممبئی کروز ڈرگز کیس میں بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی گرفتاری کے بعد ان کے ساتھ سیلفی لینے والے کرن گوساوی کو پونے سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اسے تین سال پرانے دھوکہ دہی کے معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ گوساوی منشیات کیس میں گواہ بنائے جانے کے بعد مفرور تھا۔ ان کے باڈی گارڈ پربھاکر سیل نے گوساوی پر کروڑوں روپے کا سودا کرنے کا سنسنی خیز الزام لگایا ہے۔

نوجوانوں کو دھوکہ دیا

کے پی گوساوی نوجوانوں کو بیرون ملک نوکریاں دلانے کا جھانسہ دیا کرتا تھا۔ انہیں جمعرات کی صبح پونے پولس کی کرائم برانچ یونٹ نے اسی الزام میں گرفتار کیا تھا۔ پونے میں بدھ کی دیر رات سے گوساوی کی خود سپردگی کی بات چل رہی تھی۔ گوساوی ممبئی سے اتر پردیش فرار ہو گیا تھا اور لکھنؤ سمیت کئی اضلاع میں خود سپردگی کرانے کی کوشش کی تھی۔ پونے پولیس کی دو ٹیمیں بھی اسے پکڑنے کے لیے لکھنؤ پہنچی تھیں۔ تاہم وہ لکھنؤ سے فرار ہو گیا اور منگل کو اس کی آخری لوکیشن سلطان پور میں ملی۔

 اسے آج تقریباً 12 بجے شیواجی نگر کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ فی الحال انہیں فرسخانہ پولیس اسٹیشن میں رکھا گیا ہے اور پونے کے پولیس کمشنر امیتابھ گپتا خود ان سے پوچھ گچھ کرنے آئے ہیں۔ گوساوی کے خلاف دھوکہ دہی کے 5 مقدمات درج ہیں۔ تاہم اسے 2018 میں پونے میں درج ایک کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اس میں چنموئے دیشمکھ نامی نوجوان نے کرن پر ملائیشیا میں نوکری دلانے کے نام پر 3 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کا الزام لگایا ہے۔