کانپور تشدد: حیات ظفر ہاشمی سمیت 18 افراد گرفتار

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 04-06-2022
کانپور تشدد: حیات ظفر ہاشمی سمیت 18 افراد گرفتار
کانپور تشدد: حیات ظفر ہاشمی سمیت 18 افراد گرفتار

 


کانپور: پولیس نے جمعہ کو شہر کے علاقے پریڈ چوک میں ہونے والے تشدد کے ماسٹر مائنڈ حیات ظفر ہاشمی سمیت 18 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ہاشمی کیس کی ایف آئی آر میں نامزد 40 ملزمان میں شامل ہیں۔

3 جون 2022 کو کانپور کے بیکن گنج علاقے میں پتھراؤ اور پرتشدد جھڑپوں میں کئی لوگ زخمی ہوگئے تھے۔ اس معاملے میں کل تین ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ جمعہ کی نماز کے بعد، مجرموں نے کانپور میں بی جے پی لیڈر نوپور شرما کے خلاف مبینہ طور پر پیغمبر اسلام کے خلاف 'توہین' کا ارتکاب کرنے پر احتجاج کرتے ہوئے ہنگامہ کیا تھا۔

پولیس نے دعویٰ کیا کہ ہاشمی نے لوگوں کو اکسایا جس کی وجہ سے دونوں گروپوں میں پتھراؤ اور تصادم ہوا، جس میں متعدد پولیس افسران سمیت 30 سے ​​زائد افراد زخمی ہوئے۔ اسےحراست میں لے کر پوچھ گچھ کے لیے لے جایا گیا ہے۔

ہاشمی نے  بازار بند کی کال دی تھی۔ وہ مولانا محمد علی جوہر فینز ایسوسی ایشن کے نام سے ایک مقامی اسلامی تنظیم کے صدر ہیں۔ ان کی بند کی کال نے نماز جمعہ کے بعد تشدد کا رخ اختیار کر لیا۔

یہ عجیب اتفاق ہے کہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی اور ہندوستان کے صدر رام ناتھ کووند دونوں کانپور میں اس وقت موجود تھے۔

3 جون 2022 کو نماز جمعہ کے بعد حیات ظفر ہاشمی نے لوگوں کا احتجاجی مارچ نکالا اور انہوں نے لوگوں کو اپنی دکانیں بند کرنے پر مجبور کیا جس سے تشدد شروع ہوا۔ شرپسند عناصرنے شہریوں کے ساتھ ساتھ پولیس فورس پربھی پتھراؤ کیا۔ تشدد میں کم از کم چھ افراد زخمی ہوئے۔ذ

ذرائع کے مطابق کانپور فسادات کا ماسٹر مائنڈ حیات ظفر ہاشمی گزشتہ کچھ عرصے سے مختلف سرگرمیوں میں ملوث ہے اور اس نے کئی غیر قانونی جائیدادیں بھی حاصل کی ہیں۔ وہ سرکاری کوٹے سے گھر پر راشن کی دکان چلاتا ہے۔ ہاشمی پر اپنی بہن اور والدہ کو خاندانی معاملے میں اکسانے کا الزام ہے جس کے بعد دونوں نے کانپور ڈی ایم آفس کے باہر خودسوزی کرلی اور اس واقعہ میں دونوں کی موت ہوگئی۔

کانپور تشدد پروزیراعلیٰ یوگیی آدتیہ ناتھ یوگی نےانتظامیہ اور پولیس کوسخت کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تشدد میں ملوث افراد کی جائیدادیں ضبط کی جائیں گی اور ان کی غیر قانونی تعمیرات کو بھی گرایا جائے گا۔