کانپور ۔ جمعیۃ علماء اترپردیش کے نائب صدر اور شہری جمعیۃ کے جنرل سکریٹری مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے شہری جمعیۃ علماء کے وفد کے ہمراہ پولیس کمشنر اسیم آرون سے ملاقات کرکے اہم سماجی و ملی ایشوز پر تبادلہ خیال کیا۔ مولانا نے کہا کہ جمعیۃ علماء شہر کانپورکیجانب سے مختلف مواقع پرووٹربیداری مہم، نشہ مخالف مہم، پانی بچاؤ مہم، تعلیمی بیداری مہم، بیٹیوں کے تحفظ کی مہم چلائی جاتی رہی ہیں، ایک بار پھر اس کی سخت ضرورت محسوس کی جا رہی ہے کہ بلا تفریق مذہب تحریک کے طور پر گلی گلی، محلہ محلہ یہ مہم چلائی جائے۔
مولانا نے کہا کہ اس وقت ہمارا نوجوان نشہ کا بہت زیادہ عادی ہورہا ہے، انتظامیہ کی طرف سے اس پر توجہ دی جانی چاہئے کہ اس کو نشیلی اشیاء کہاں سے فراہم ہورہی ہیں؟اس پر پولیس کمشنر نے کہا کہ شہری انتظامیہ ان ایشوز پر جمعیۃ علماء کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہے۔
مولانا عبد اللہ قاسمی نے پولیس کمشنر کو بتلایا کہ کانپور سے اٹھنے والے تقریباً109سالہ ایشیا کے سب سے بڑی قدیمی، تاریخی و مرکزی جلوس محمدی ؐ کی قیادت بھی جمعیۃ علماء کرتی چلی آ رہی ہے، امسال کووڈ گائیڈ لائنس کا خیال رکھتے ہوئے جمعیۃ علماء نے مختلف مسالک کے ذمہ داران، قاضیان شہر، مختلف انجمنوں کے نمائندگان اور شہری انتظامیہ کی جانب سے جلوس نہ اٹھانے کی رائے سے حالات کے پیش نظراتفاق کیا ہے، لیکن آئندہ سال سے حسب معمول پوری شان و شوکت کے ساتھ جمعیۃ علماء شہر کانپور کی قیادت میں جلوس نکالا جائے گا۔
شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خان کی جانب سے رہائشی و کمرشیل علاقوں میں صفائی ستھرائی کے تعلق سے توجہ دلانے پر پولیس کمشنر نے کہا کہ ہم ایسا نظام بنا رہے ہیں کہ صبح کی بجائے رات کو ہی صفائی ستھرائی کا نظم ہوجائے تاکہ صبح جب لوگ باہر نکلیں تو ان کو کوڑا کرکٹ نظر نہ آئے، پولیس کمشنر نے صفائی ستھرائی اور نشہ کے حوالے سے کہا کہ ہمیں گلی کوچوں کی بھی صفائی کرنی ہے اور جو برائیاں ہمارے سماج میں پھیلی ہیں ان سے دلوں کی بھی صفائی کرنی ہے۔