ٹی ایم سی میں بغاوت کی خبروں پر کلیان بنرجی کا بی جے پی پر حملہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 09-06-2026
ٹی ایم سی میں بغاوت کی خبروں پر کلیان بنرجی کا بی جے پی پر حملہ
ٹی ایم سی میں بغاوت کی خبروں پر کلیان بنرجی کا بی جے پی پر حملہ

 



نئی دہلی: ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) میں اندرونی اختلافات اور مبینہ بغاوت کی خبروں کے درمیان پارٹی کے رکنِ پارلیمان کلیان بنرجی نے منگل کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور پارٹی کے ناراض رہنماؤں پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے پاس مرکزی ایجنسیاں ہیں، لیکن ٹی ایم سی کے پاس ’’ماں، ماٹی، مانوش‘‘ اور مغربی بنگال کے عوام کی طاقت موجود ہے۔

کلیان بنرجی اور ٹی ایم سی کے رکنِ پارلیمان کیرتی آزاد نے قومی دارالحکومت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر کلیان بنرجی نے پارٹی اور اس کے نظریے سے اپنی وفاداری کا اعادہ کیا، جبکہ کیرتی آزاد نے ناراض رہنماؤں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ کلیان بنرجی نے کہا، ’’آپ (بی جے پی) کے پاس ای ڈی، سی بی آئی اور دیگر طاقتیں ہیں، لیکن میرے پاس ’ماں، ماٹی، مانوش‘، میری پارٹی، میرے کارکن اور مغربی بنگال کے عوام ہیں۔‘

‘ دوسری جانب کیرتی آزاد نے مبینہ باغی رہنماؤں کو ’’غدار‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹی ایم سی کے 29 ارکانِ پارلیمان ’’ماں، ماٹی، مانوش‘‘ کے نام پر منتخب ہو کر پارلیمنٹ پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’میں ان غداروں سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ اگر انہیں کوئی مسئلہ تھا تو انتخابات سے پہلے کیوں نہیں بولے؟ انتخابات کے بعد ہی مشکلات کیوں یاد آئیں؟

سکھندو شیکھر رائے نے کم از کم سیاسی اخلاقیات کا مظاہرہ کرتے ہوئے استعفیٰ دیا۔ اگر آپ میں بھی سیاسی اخلاقیات ہیں تو استعفیٰ دیں اور بی جے پی کے ٹکٹ پر دوبارہ انتخاب لڑیں۔‘‘ کیرتی آزاد نے مزید کہا کہ جو لوگ ممتا بنرجی سے اختلاف رکھتے ہیں، انہیں پارٹی چھوڑنے کا پورا حق ہے، لیکن ٹی ایم سی کا نام استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی دوسروں کی سیاسی طاقت کو اپنے حق میں استعمال کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹی ایم سی انتخاب نہیں ہاری بلکہ اسے جان بوجھ کر ہرایا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2029 میں بی جے پی نہ صرف مغربی بنگال بلکہ مرکز میں بھی ختم ہو جائے گی۔

اس سے قبل کیرتی آزاد نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اس فہرست کو بھی ’’جعلی اور من گھڑت‘‘ قرار دیا تھا، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ٹی ایم سی کے 20 ارکانِ پارلیمان قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی حمایت کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش ناکام ہو چکی ہے اور فہرست میں شامل کئی ارکانِ پارلیمان پہلے ہی اس کی تردید کر چکے ہیں۔ ادھر بی جے پی کے قومی ترجمان شہزاد پونا والا نے دعویٰ کیا کہ ٹی ایم سی کے اندر شدید بے چینی پائی جاتی ہے اور بڑی تعداد میں رہنما پارٹی قیادت سے دوری اختیار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا، ’’ٹی ایم سی کے 60 اراکینِ اسمبلی خود کو اصل ٹی ایم سی قرار دے رہے ہیں اور ممتا بنرجی و ابھیشیک بنرجی سے فاصلہ اختیار کر رہے ہیں۔ اب ارکانِ پارلیمان بھی محسوس کر رہے ہیں کہ وہ ابھیشیک بنرجی کی قیادت والی ٹی ایم سی کے ساتھ مزید نہیں چل سکتے۔‘‘ تاہم ٹی ایم سی نے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بی جے پی کی جانب سے پھیلائی گئی افواہیں قرار دیا ہے۔