جھارکھنڈ:ماب لنچنگ مخالف بل،اسمبلی سے پاس،عوام میں خوشی کی لہر

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 22-12-2021
جھارکھنڈ:ماب لنچنگ مخالف بل،اسمبلی سے پاس،عوام میں خوشی کی لہر
جھارکھنڈ:ماب لنچنگ مخالف بل،اسمبلی سے پاس،عوام میں خوشی کی لہر

 

 

رانچی: جھارکھنڈ اسمبلی میں منگل کو جھارکھنڈ ماب لنچنگ کی روک تھام بل 2021 منظور کر لیا گیا۔ اس بل کے پاس ہونے کے بعد لوگوں میں خوشی کی لہردیکھی گئی۔ لوگوں نے حکومت کا شکریہ ادا کیا اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مٹھائیاں بھی تقسیم کیں۔

لوگوں نے ہیمنت سورین حکومت کی حمایت میں نعرے بھی لگائے اور گھروں سے باہر نکل کر اس بل کا جشن منایا۔ جھارکھنڈ مسلم سینٹرل کمیٹی کے وائس چیئرمین افروز عالم نے کہا کہ یہ بل نہ صرف مسلمانوں کے لیے بلکہ معاشرے کے تمام لوگوں کے لیے فائدہ مند ہوگا۔

جو لوگ قانون کو ہاتھ میں لے کر ماب لنچنگ کرتے ہیں، انہیں اب سزا ملے گی۔ جھارکھنڈ قانون ساز اسمبلی کے سرمائی اجلاس کے دوران بی جے پی ایم ایل ایز کے واک آؤٹ کے درمیان ہجومی تشدد کی روک تھام اور ماب لنچنگ بل 2021 کو منظوری دی گئی۔

اپوزیشن کے قانون سازوں کی جانب سے اس بل کو سلیکٹ کمیٹی کے حوالے کرنے اور ترمیم کی تجویز بھی دی گئی تھی جسے مسترد کر دیا گیا۔ اس بل کے پاس ہونے کے بعد اب ریاست میں ماب لنچنگ کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کاروائی کی جائے گی۔

اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں 2014 سے اب تک 56 افراد موب لنچنگ کا شکار ہو چکے ہیں۔ بل کی منظوری پر مسلم سینٹرل کمیٹی کے خزانچی ڈاکٹر تعریف نے کہا کہ بل میں مجرموں کو عمر قید کی سزا دی گئی ہے تاہم ایسے واقعے کے مرتکب افراد کو پھانسی دی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک جتنے بھی واقعات ہوئے ہیں ان میں صرف مسلم سماج کے لوگ ہی ماب لنچنگ کا شکار ہوئے ہیں۔ انہیں نہ تو مناسب معاوضہ دیا گیا ہے اور نہ ہی کوئی اور انتظام کیا گیا ہے۔