جماعت اسلامی ہند: فلاحی کام میں مل رہا ہے غیر مسلموں سے تعاون

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 19-11-2021
جماعت اسلامی ہند: فلاحی کام میں مل رہا ہے غیر مسلموں سے تعاون
جماعت اسلامی ہند: فلاحی کام میں مل رہا ہے غیر مسلموں سے تعاون

 

 

شیخ محمد یونس، حیدرآباد

جماعت اسلامی کی جانب سے بلا لحاظ مذہب و ملت غریب اور ضرورت مند مریضوں کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے گراں قدر خدمات انجام دی جارہی ہیں۔شہر کریم نگر کے دو مقامات پر'' رومان کلینکس'' کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔یہ دونوں دواخانوں سے روزآنہ درجنوں افراد رجوع ہوتے ہیں۔یہاں مختلف معائنوں کی بھی سہولت ہے۔یہ کلینکس خدمت خلق کے جذبہ کے تحت قائم کئے گئے ہیں۔تروپتی رائو نے جماعت اسلامی کے بلا لحاظ مذہب و ملت انسانیت کی خدمت کے مشن کا حصہ بنتے ہوئے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ایک خوبصورت مثال پیش کی ہے۔جماعت اسلامی اور تروپتی رائو کے اقدام سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ انسانیت کی خدمت کیلئے مذہب سے بالاتر ہوکر سب کو مل جل کر کام کرنا چاہئے۔

رومان کلینکس

جماعت اسلامی کی جانب سے کارخانہ گڈہ اور مکرم پورہ میں رومان کلینکس قائم کئے گئے ہیں۔کارخانہ گڈہ میں کلینک ستمبر 2015سے کارکرد ہے۔یہ جماعت اسلامی کی عمارت میں قائم کیا گیا ہے۔یہاں 3قابل تجربہ کار ایم بی بی ایس  و ایم ڈی ڈاکٹرس محترمہ حریہ ' محترمہ نوشیبہ انجم اور ڈاکٹر بیگ خدمات انجام دیتے ہیں۔یہاں طبی عملہ کے طورپر 10 ملازمین برسرکار ہیں۔

اس کلینک سے روزآنہ درجنوں مریض رجوع ہوتے ہیں۔مواضعات کے عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کے مقصد سے جماعت اسلامی نے اپنی طبی خدمات کو وسعت دی اور کورونا وباء کے دوران عوام کی سہولت کیلئے مکرم پورہ میں نومبر 2020 میں رومان کلینک کا قیام عمل میں لایا۔یہاں پر تین لیڈی ڈاکٹرس منیبہ خانم' نیلوفر فاطمہ اور ثناء جویریہ مریضوں کا علاج ومعالجہ کرتی ہیں۔یہاں 5 ملازمین بھی برسرخدمت ہیں۔دونوں کلینکس صحت مند معاشرہ کی تشکیل کیلئے بلا لحاظ مذہب و ملت نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

بلڈ سل کائونٹر مشین کا عطیہ

جماعت اسلامی کی طبی خدمات سے متاثر ہوکر برادر وطن تروپتی رائو نے ڈھائی لاکھ روپے مالیتی بلڈ سل کائونٹر مشین کا عطیہ دیا ہے۔جو کہ سی بی پی(Complete Blood Picture)کیلئے استعمال ہوتی ہے۔تروپتی رائو آر کے سرجیکل کے مالک ہیں۔تروپتی رائو نے آواز دی وائس کے نمائندہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تمام مذاہب انسانیت کی تعلیم دیتے ہیں۔جماعت اسلامی بلا لحاظ مذہب و ملت انسانیت کی بہترین اور مثالی خدمت انجام دے رہی ہے۔جس سے متاثر ہوکر وہ مشین کا عطیہ دیئے ہیں۔

awazurdu

انسانی خدمت کا نمونہ ہے یہ اسپتال


انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرہ کی تشکیل کیلئے سب کا تعاون ضروری ہے۔تروپتی رائو نے بتایا کہ خدمت خلق کیلئے کام کرنے والی تنظیموں کی مدد کو وہ اپنا فرض سمجھتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ رومان کلینک مکرم پورہ برانچ کے علاوہ وہ ایک عیسائی مشنری ہاسپٹل کیلئے بھی سل کائونٹر مشین کا عطیہ دیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت مندوں اور مستحقین کی مدد سے قلبی سکون حاصل ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانی بنیادوں پر ایک دوسرے کی مدد کی جانی چاہئے۔ جماعت اسلامی کے ذمہ داران نے تروپتی رائو کے مستحسن اقدام کی ستائش کی اور کہا کہ غریبوں اور ضرورت مندو ں کی طبی ضرورتوں کی تکمیل کیلئے کلینکس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔عوام کلینکس سے استفادہ کریں اور صحت مند معاشرہ کی تشکیل کو یقینی بنائیں۔

رعایتی شرح پر معیاری طبی سہولتیں

جماعت اسلامی فلاحی و رفاہی خدمات کے ساتھ ساتھ شعبہ طب میں بھی اپنی خدمات پیش کررہی ہے۔مواضعات کے عوام کو رعایتی شرح پر موثر اور معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی عمل میں لائی جارہی ہے۔رومان کلینک میں صرف 50 روپے فیس پر مریضوں کا علاج و معالجہ کیا جاتا ہے۔

علاوہ ازیں مختلف اقسام کے معائنے 60 تا 70فیصد رعایت پر کئے جاتے ہیں۔کلینکس کے قیام کا مقصد غریبو ں اور ضرورت مندوں تک طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔دونوں کلینکس صبح 7 تا 9 بجے شام کارکرد رہتے ہیں۔

awazurdu

ضرورت مندوں کے لیے بڑا سہرا ہے یہ طبی مرکز


شعبہ خدمت خلق کے تحت مفت علاج ومعالجہ

غریب اور ضرورت مند مستحق مریضوں کیلئے یہ دونوں کلینکس میں مفت علاج ومعالجہ اور معائنوں کی سہولت بھی موجود ہے۔ایسے مریض جو رعایتی قیمت بھی ادا کرنے سے قاصر رہتے ہیں ان کی تفصیلات کو کلینکس کے ذمہ داران جماعت اسلامی کے شعبہ خدمت خلق سے رجوع کرتے ہیں ۔

شعبہ خدمت خلق کے ذمہ داران درخواست کی جانچ کرتے ہیں اور فی الفور رقمی منظوری عمل میں لاتے ہیں۔جس کے تحت رومان کلینکس میں مفت علاج و معالجہ اور معائنے کئے جاتے ہیں۔

بلا لحاظ مذہب و ملت انسانیت کی خدمت

جماعت اسلامی کے کلینکس سے یومیہ سینکڑوں مریض رجوع ہوتے ہیں۔جہاں بلا لحاظ مذہب و ملت مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے۔ دواخانوں سے رجوع ہونے والے مریضوں میں برادران وطن کی اکثریت ہوتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ دونوں دواخانوں کی خدمات کے غیر مسلم اصحاب بھی معترف ہیں۔جماعت اسلامی کی خدمات سے متاثر ہوکر تروپتی رائو آگے آئے ۔

انہوں نے نہ صرف جماعت کی خدمات کی ستائش کی بلکہ اپنی جانب سے بلڈ سل کائونٹر مشین کا عطیہ دیا۔یہ دونوں کلینکس ناظم ضلع جماعت اسلامی محمد خیر الدین کی سرپرستی میں خدمت خلق کیلئے مصروف عمل ہیں ۔جبکہ ذمہ داران میں سید زبیر احمد' عبدالسلیم' اظہر خان' احمد محی الدین ودیگر شامل ہیں۔دونوں کلینکس میں صفائی کے موثر انتظامات ہیں ۔مختلف معائنوں کیلئے عصری مشینیں موجود ہیں۔