جماعت اسلامی ہند :چیریٹیل ادارہ ”زکوٰۃ سینٹر انڈیا“ کا افتتاح

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 27-03-2022
جماعت اسلامی ہند :چیریٹیل ادارہ ”زکوٰۃ سینٹر انڈیا“ کا افتتاح
جماعت اسلامی ہند :چیریٹیل ادارہ ”زکوٰۃ سینٹر انڈیا“ کا افتتاح

 


نئی دہلی : اجتماعی کوششوں کے ساتھ امت مسلمہ کو غربت سے پاک اور خود کفیل بنانے کے مقصد سے ایک چیریٹیل ادارہ ”زکوٰۃ سینٹر انڈیا“ کا افتتاح امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے جماعت کے مرکز میں منعقدہ ایک پروگرام میں کیا۔

اس موقع پر امیر جماعت نے اپنے خطاب میں کہا کہ امت مسلمہ کو زکوہ کی وصولی اور تقسیم کے اجتماعی نظام کے بارے میں حساسیت اور بیداری کی ضرورت ہے۔ یہ عبادت کے ساتھ ساتھ تزکیہ نفس کا ایک ذریعہ بھی ہے۔اس موقع پر امیر جماعت نے ’زکوٰۃ سینٹر انڈیا‘ کی ویب سائٹ

www.zakatcenterindia.org

کا بھی افتتاح کیا۔اس ویب سائٹ پر اسلام کے پانچ ستونوں میں سے ایک ستون زکوٰۃ کے پورے نظام کے بارے میں مکمل معلومات دستیاب ہیں۔صاحب نصاب مسلمانوں کے لئے ضرورت مندوں کی مدد کرنا ایک مذہبی فریضہ ہے“۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر اور زکوٰۃ سینٹر انڈیا‘ کے چیئرمین ایس امین الحسن نے ’زکوٰۃ سینٹر انڈیا‘ کے اہداف و مقاصد اور طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس کا پورا نظام شفافیت اور احتساب کی بنیاد پر ہوگا۔ اس ویب سائٹ کو آن لائن پیمنٹ گیٹ وے پروسیس کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے۔ اس میں آسانی سے ادائیگی کے لئے کیو آر کوڈ سسٹم بھی رکھا گیا ہے“۔

اس موقع پر مذکورہ سینٹر کے ایک ٹرسٹی ڈاکٹر محی الدین غازی نے اسلام میں زکوۃ کے نظام کے تصور پر روشنی ڈالی۔’زکوٰہ سینٹر انڈیا‘ کی جو ویب سائٹ بنائی گئی ہے اس میں موضوع سے متعلق تمام ضروری تفصیلات موجود ہیں بشمول زکوۃ کیا ہے، نصاب کیا ہے یعنی زکوۃ کس پر لازمی ہے اور کون اسے حاصل کرنے کا اہل ہے، نیز زکوٰۃ کیلکولیٹر، اسکیمیں، بینک کی تٖفصیلات وغیرہ تمام چیزیں دستیاب ہیں۔

ویب سائٹ پر’زکوۃ سینٹر انڈیا‘کے وژن کا تعارف پیش کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ہندوستان کے دور دراز علاقوں میں بسنے والے اور نہایت ہی غریب مسلم خاندانوں کے چہروں پر مسکراہٹ لانااس کا ہدف ہے۔ ویب سائٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس کا مشن غربت سے پاک خود انحصار امت کے لئے اجتماعی کوششیں کرنا ہے۔زکوٰۃ سینٹر انڈیا کے سکریٹری عبد الجبار صدیقی نے سینٹر کے پانچ اغراض ومقاصد بتائے جو یہ ہیں

۔ لوگوں کو زکوۃ کی مذہبی اہمیت اور سماجی فوائد کے بارے میں سمجھانا اور یہ بتانا کہ وسائل امیروں سے غرباء کی طرف منتقل ہونے کے کیا ثمرات ہیں۔

۔ قرآن کی ہدایت کے مطابق غریبوں اور ناداروں کے لئے زکوہ اور عُشر کے پروگرام کو منظم کرنا۔

 ۔ مستحقین کی فلاح و بہبود کے لئے پنشن، راشن، اسکالر شپ وظیفہ، خوراک، طبی امداد فراہم کرنا۔

۔ زکوٰۃ لینے والوں کے فائدے کے لئے ادارے کھولنا، فاؤنڈیشن قائم کرنا اور ان کو چلانا اور فروغ دینا۔

۔اختراعی طریقہ اور حکمت عملی کے لئے تحقیقی و علمی سرگرمیوں کو منظم کرنا جو کہ زکوٰۃ پروگرام کی موثر فنڈنگ میں معاون ہوسکے۔