جگدیپ دھنکھر بن گئے ملک کے 14ویں نائب صدر

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 11-08-2022
جگدیپ دھنکھر بن گئے ملک کے 14ویں نائب صدر
جگدیپ دھنکھر بن گئے ملک کے 14ویں نائب صدر

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی  

 جگدیپ دھنکھر نے 11 اگست2022 کو راشٹرپتی بھون میں دوپہر 12.30 بجے نائب صدر کے عہدے کا حلف لیا۔ انہیں صدر دروپدی مرمو نے عہدے کا حلف دلایا۔

  حلف برداری کی تقریب کے دوران راشٹرپتی بھون میں سابق صدر رام ناتھ کووند، وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ، نتن گڈکری، اسمرتی ایرانی سمیت کئی مرکزی وزراء موجود تھے۔ 

جگدیپ دھنکھر مغربی بنگال کے گورنر بھی تھے اور 6 اگست کو انہوں نے نائب صدر کے انتخاب میں اپوزیشن کی امیدوار مارگریٹ الوا کو شکست دی۔ اس انتخاب میں این ڈی اے امیدوار جگدیپ دھنکھر کو 528 ووٹ ملے جب کہ مارگریٹ الوا کو 182 ووٹ ملے۔ نائب صدر کے انتخاب میں کل 725 ووٹ ڈالے گئے۔ ان میں سے 710 ووٹ درست پائے گئے۔ جبکہ 15 ووٹ درست نہیں پائے گئے۔

دھنکھر کو 74.36 فیصد ووٹ ملے۔ دھنکھر کی جیت کا مارجن 1997 کے بعد ہوئے گزشتہ چھ نائب صدر کے انتخابات میں سب سے زیادہ ہے۔

راجستھان کے جھنجھنو ضلع کے رہنے والے جگدیپ دھنکھر کے پاس نائب صدر کے انتخاب سے قبل مغربی بنگال کے گورنر کی ذمہ داری تھی۔ بی جے پی کا امیدوار بنائے جانے کے بعد انہوں نے گورنر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

دھنکھر، پیشے سے وکیل ہیں۔ان کا تعلق کسان خاندان سے ہے۔ ان کے والد گوکل چندر دھنکھر کھیتی باڑی کرتے تھے۔ سال 1990 میں، دھنکھر کو راجستھان ہائی کورٹ میں سینئر وکیل کا عہدہ ملا۔ 71 سالہ دھنکھر کو راجستھان ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ آف انڈیا میں پریکٹس کرنے کا تجربہ ہے۔ 1988 تک وہ ملک کے نامور وکلاء میں سے ایک بن چکے تھے۔

دھنکھر 1989 میں سرگرم سیاست میں آئے اور جنتا دل کے ٹکٹ پر جھنجھنو سے لوک سبھا کے رکن منتخب ہوئے۔1990 میں پارلیمانی امور کے وزیر مملکت کے طور پر کام کیا۔

سیاست میں اپنے ابتدائی دنوں میں، دھنکھر سابق نائب وزیر اعظم دیوی لال سے متاثر تھے۔ 

سنہ1991 کے لوک سبھا انتخابات میں دھنکھر کو جنتا دل نے ٹکٹ نہیں دیا جس کے بعد وہ کانگریس میں شامل ہو گئے۔ کانگریس نے انہیں اجمیر کے کشن گڑھ سے ٹکٹ دیا، وہ 1993 میں الیکشن لڑ کر ایم ایل اے بنے۔ 2003 میں وہ کانگریس سے بھی مایوس ہو کر بی جے پی میں شامل ہو گئے۔

جاٹ برادری سے تعلق رکھنے والے دھنکھر کو 2019 میں مغربی بنگال کا گورنر مقرر کیا گیا تھا۔ دوسری طرف، دھنکھر نے نائب صدر کے انتخاب کے اعلان کے بعد 17 جولائی2022 کو مغربی بنگال کے گورنر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔