آواز دی وائس، سری نگر
شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے تھمیا ہال میں ہندوستانی فوج کی طرف سے منعقدہ شام صوفیانہ کنسرٹ میں مقامی نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس میں کشمیری موسیقی سے لوگ محظوظ ہوئے۔اِس پروگرام میں معروف کشمیری گروپ آئی بی ایم(IBM)یعنی عرفان، بلال اور مہمت نےاپنی پرفارمنس سے سامعین کو محظوظ کیا۔ موسیقی کا یہ پروگرام دن بھر جاری رہا۔ اس میں بارہمولہ ضلع کے مختلف کالجوں اور اداروں سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ وہیں نئے فنکاروں کو بھی اپنے کلام پیش کرنے کا موقع ملا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جی او سی ڈگر ڈویژن نے فنکاروں کو ان کی شاندار پرفارمنس پر مبارکباد دی۔ جی او سی نے کشمیری موسیقی کے شاندار روایت کو برقرار رکھنے اور آگے بڑھانے کے لیے بھی موسیقاروں کو مبارکباد دیے۔
تقریب میں فنکاروں کی ہر پرفارمنس سے حاضرین تالیاں بجانے پر مجبور ہوگئے۔ اس طرح کے پروگرام 'عوام' اور 'جوان' کے درمیان خلیج کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
مقامی آر جے شالا منوجا نے کہا کہ میں اِس تقریب کی میزبان تھی۔ سامعین نے خوب لطف اٹھایا۔ ہم اس کے انعقاد کے لیے اپنی فوج کے شکر گزار ہیں اور امید کرتے ہیں اس طرح کے پروگرام برابر منعقد کرائے جائیں۔ وہیں ایک مقامی باشندے نے کہا کشمیر کی فضاؤں میں صوفی کلچر ہے۔ اس کا مقصد نوجوانوں کو مثبت طرز فکر کی واپس لانا ہے کیونکہ وادی کے نوجوان منشیات میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
ایک مقامی شخص نے کہا کہ میں اس خوبصورت شام کو منعقد کرنے کے لیے منتظم کا شکر گزار ہوں۔ فنکاروں کے پرفارمنس سے اندازہ ہوا کہ وادی کشمیر میں ہنر و قابلیت اور ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔