یوپی: مدارس کے اساتذہ اور بچوں نےمنایا یوم عالمی یوگا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 21-06-2022
یوپی: مدارس کے اساتذہ اور بچوں نےمنایا یوم عالمی یوگا
یوپی: مدارس کے اساتذہ اور بچوں نےمنایا یوم عالمی یوگا

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

آج ملک بھر میں یوگا ڈے منایا جا رہا ہے، جس میں ریاست اترپردیش کے مدارس بھی پیچھے نظر نہیں آئے۔ مدارس سے وابستہ لوگ اور مدارس میں تعلیم حاصل کرنے والے بچے بھی یوگا ڈے پر پورے جوش و خروش کے ساتھ یوگا کرتے نظر آئے۔

مدرسہ میں یوگا ڈے کا پروگرام تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا، جس میں سینکڑوں بچے شامل تھے۔ اس دوران بچوں کو یوگا کے مختلف آسنوں کے بارے میں بتایا گیا۔ مدرسہ کے لوگوں سے بات کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ وہ کافی عرصے سے اس پر عمل پیرا ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے جسم کا درد دور ہو گیا ہے اور اسی لیے وہ مسلسل مشق کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یوگا پروگرام کے آغاز سے قبل قومی ترانہ بھی گایا گیا۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ اتر پردیش میں یوگا ڈے کے موقع پر راج بھون میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس پروگرام میں گورنر آنندی بین پٹیل اور وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی شرکت کی اور یوگا کے آسن کرتے نظر آئے۔ اس دوران وہاں موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے یوگی نے کہا کہ دنیا کے 200 سے زیادہ ممالک یوگا کے ساتھ ہندوستان کی وراثت کے تئیں اظہار تشکر کریں گے۔ یوگا انسانیت کا موضوع ہے اور ہمیں ہندوستان کے اس ورثے پر فخر کرنا چاہیے۔

awazthevoice

مدرسہ میں یوگا

یوم عالمی یوگا یا یوگا ڈے(IYD) کو منانے اور طلباء میں یوگا کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے، اتر پردیش مدرسہ بورڈ نے ایک حکم نامہ جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ تمام امداد یافتہ، غیر امداد یافتہ اور حکومت سے تسلیم شدہ مدارس یوگا کی مشق کریں۔  

خیال رہے کہ  یوگا ڈے سے پہلے اتر پردیش کی مدرسہ ایجوکیشن کونسل کے رجسٹرار نے ایک حکم نامہ جاری کیا، جس کے مطابق ریاست میں زیر تعلیم بچوں کو یوگا کا علم دینے کے لیے 21 جون کو ریاست کے تمام مدارس میں بین الاقوامی یوگا ڈے منایا جانا ہے۔

 مدرسہ کے ضلع اقلیتی بہبود کے افسران کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عالمی یوم یوگا منانے کے لیے ضروری انتظامات کا جائزہ لیں اور ان میں تعاون کریں۔ واضح رہے کہ یوگا کا عالمی دن منانے کے لیے گزشتہ سال تمام ریاستی مدارس کو اسی طرح کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔

اتر پردیش میں تقریباً75,000 مقامات پر یوگا ڈے منایا گیا۔ جس میں تقریباً 35 کروڑ لوگوں نے شرکت کی۔

یوپی حکومت نے انتظامیہ کو انتظامات کرنے کا حکم دیا تھا تاکہ گرام پنچایتوں سے لے کر بلاکس سے لے کر ضلع ہیڈکوارٹر تک ہر سطح پر یوگا ڈے منایا جا سکے۔

یوگا کے فوائد کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے 2015 سے ہر سال 21 جون کو دنیا بھر میں یوگا کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے سب سے پہلے ستمبر 2014 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 69ویں اجلاس سے خطاب کے دوران بین الاقوامی یوگا دن منانے کی تجویز پیش کی تھی۔ بعد میں 11 دسمبر 2014 کواقوام متحدہ نے21 جون کو عالمی یوم یوگا منانے کا اعلان کیا گیا۔ اس سال یوگا کے عالمی دن کا تھیم 'یوگا فار ہیومینٹی' ہے۔