ناتھن پور (آسام): مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے جمعہ کو کانگریس پر الزام عائد کیا کہ اس نے اپنے دورِ حکومت میں ملک کی سرحدیں کھلی چھوڑ دیں، جس کے نتیجے میں آسام میں دراندازی ہوئی۔ شاہ نے کہا کہ ریاست میں وزیرِ اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کی قیادت والی بی جے پی حکومت نے دراندازی کے مسئلے کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کیا ہے۔
آسام کے ضلع کچھار میں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے شاہ نے یہ بھی الزام لگایا کہ کانگریس نے اپنے دور میں ریاست میں کوئی ترقیاتی پروگرام شروع نہیں کیا، لیکن ’’اب روزانہ 14 کلومیٹر سڑک تعمیر کی جا رہی ہے، جو ملک میں سب سے زیادہ ہے۔‘
‘ شاہ نے ضلع کچھار سے ویونت گرام پروگرام (وی وی پی) کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا، جس میں ملک بھر کی 15 ریاستوں اور دو مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کو شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی دیہات کی ترقی وزیرِ اعظم نریندر مودی کی ترجیح ہے اور یہ پروگرام ’’اس ہدف کے حصول کی جانب ایک قدم ہے۔‘‘ شاہ نے کہا کہ سرحدی دیہات سے نقل مکانی روکنے اور بین الاقوامی سرحدوں کے ذریعے دراندازی کو روکنے کے لیے یہ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وی وی پی کے دوسرے مرحلے میں 6900 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے اور اس میں ملک بھر کے 1954 دیہات کو شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا، ’’گزشتہ 10 برسوں میں بی جے پی نے آسام کی ترقی کو یقینی بنایا ہے اور اگلے پانچ برسوں میں ریاست کو سیلاب سے پاک بنا دیا جائے گا۔‘‘