سرحدی جھڑپوں کے بعد ہند۔چین وزراء خارجہ کی پہلی ملاقات

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 25-03-2022
سرحدی جھڑپوں کے بعد ہند۔چین وزراء خارجہ کی پہلی ملاقات
سرحدی جھڑپوں کے بعد ہند۔چین وزراء خارجہ کی پہلی ملاقات

 


نئی دہلی : وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے 25 مارچ جمعے کی صبح اپنے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات کی، جو گزشتہ رات ایک غیر اعلانیہ دورے پر کابل سے نئی دہلی پہنچے تھے۔

دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی کشیدگی کے درمیان، چین کی جانب سے یہ اعلی سطح کا پہلا  دورہ ہے۔ گزشتہ دو برسوں سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات قدرے کشیدہ ہیں۔ وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد وانگ ژی  قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں اور اس کے بعد ایک پریس کانفرنس کی بھی توقع کی جا رہی ہے۔

تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ یہ مشترکہ پریس کانفرنس ہو گی یا صرف وزیر خارجہ ہی اس سے خطاب کریں گے۔ چینی وزیر خارجہ اس ہفتے سب سے پہلے پاکستان کے دورے پر پہنچے تھے جہاں انہوں نے اسلام آباد میں ہونے والی اسلامی ممالک کی تعاون تنظیم (او آئی سی) میں شرکت کی تھی۔

اس کے بعد وہ کابل کے دورے پر گئے اور پھر وہیں سے جمعرات کی رات کو نئی دہلی پہنچے اور جمعے کو ہی وہ نیپال کے دورے پر روانہ ہو جائیں گے۔

چینی وزیر خارجہ کا دورہ غیر منصوبہ بند تھا اور آخری وقت تک دونوں ملکوں کی جانب سے سرکاری سطح پر اس بارے میں کچھ بھی نہیں کہا گیا۔ جمعرات کو افغانستان سے پرواز کرنے کے بعد ان کی نئی دہلی آمد کی تصدیق ان کے طیارے کی پرواز کے راستے کی ٹریکنگ سے ہو پائی، اور تب پتہ چلا کہ وہ در اصل نئی دہلی آ رہے ہیں۔