انڈیگو کے سی ای او نے مسافروں سے معافی مانگی

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 09-12-2025
انڈیگو کے سی ای او نے مسافروں سے معافی مانگی
انڈیگو کے سی ای او نے مسافروں سے معافی مانگی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
پچھلے کئی دنوں سے جاری انڈیگو ایئرلائن کے بحران کے درمیان ایک راحت  بھری خبر سامنے آئی ہے۔ انڈیگو کے سی ای او پیٹر ایلبرز نے خود ایکس پر پوسٹ کر کے لوگوں کو اس بارے میں آگاہ کیا ہے۔ پیٹر ایلبرز نے بتایا کہ ایئرلائن کے آپریشنز دوبارہ معمول پر آ گئے ہیں۔ گزشتہ دنوں فلائٹ آپریشنز میں آئی رکاوٹوں کی وجہ سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے لیے انہوں نے معافی بھی مانگی ہے۔
ہم دل سے معافی مانگتے ہیں
پیٹر ایلبرز نے کہا کہ ہوائی سفر کی خوبصورتی یہ ہے کہ یہ لوگوں کے جذبات، امنگوں اور خواہشات کو ایک ساتھ جوڑتا ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ تمام مسافروں کی اپنی الگ وجوہات رہی ہوں گی، لیکن آپ میں سے ہزاروں لوگ اپنا سفر نہیں کر سکے۔ اس کے لیے میں دل سے معافی مانگتا ہوں۔ ہم آپ کی منسوخ شدہ فلائٹس کو واپس نہیں لا سکتے، لیکن یہ یقین دلاتے ہیں کہ انڈیگو کی پوری ٹیم انتھک محنت کر رہی ہے۔
ہم مسلسل رِفنڈ کر رہے ہیں
آپ سب ہمارے قیمتی کسٹمر ہیں۔ ہماری پہلی ذمہ داری یہی ہے کہ آپ کو محفوظ طریقے سے آپ کے گھروں اور منزل تک پہنچایا جائے۔ ہم نے بغیر کسی سوال کے لاکھوں مسافروں کو رِفنڈ دیا ہے۔ انڈیگو ہر روز مسافروں کے رِفنڈ کی ادائیگی کر رہا ہے اور ہم اس عمل کے لیے مکمل طور پر پابند ہیں۔ ایئرپورٹس پر پھنسے ہوئے زیادہ تر مسافروں کو گھروں تک پہنچا دیا گیا ہے، اور باقی لوگوں کو واپس بھیجنے کے لیے ٹیمیں بھرپور محنت کر رہی ہیں۔
ہم اپنے تمام کسٹمرز کی مدد جاری رکھیں گے۔
فلائٹ آپریشنز دوبارہ معمول پر
۔5 دسمبر کو ہم صرف 700 فلائٹس ہی آپریٹ کر سکے تھے۔ لیکن اس کے بعد بہتری شروع ہوئی
۔6 دسمبر: 1500 فلائٹس
۔7 دسمبر: 1650 فلائٹس
۔8 دسمبر: 1800 فلائٹس
اور آج یعنی 9 دسمبر کو 1800 سے زائد فلائٹس آپریٹ کی جا رہی ہیں۔ اور اب تمام 138 مقامات کے لیے فلائٹس کا آپریشن دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔ صورتحال ایک بار پھر مکمل طور پر معمول پر لوٹ آئی ہے۔