ہندوستان میں تیار کی نیزل ویکسین بچوں کے لئے گیم چینجر: ڈبلیو ایچ او

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 23-05-2021
ہندوستان میں تیار کی نیزل ویکسین بچوں کے لئے گیم چینجر
ہندوستان میں تیار کی نیزل ویکسین بچوں کے لئے گیم چینجر

 

 

 نئی دہلی

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی اہم سائنسداں ڈاکٹر سومیا سوامیناتھن نے ہندوستان میں تیار کی جا رہی ناک سے دی جانے والی کورونا ویکسین (نیزل ویکسین) کی ستائش کی ہے - ڈاکٹر سومیا سوامیناتھن نے کہا ہے کہ یہ ویکسین بچوں کے لئے گیم چینجر ثابت ہو سکتی ہے۔ اگرچہ اس ویکسین کے اس سال دستیاب ہونے کے امکان کم ہیں ، تاہم سوامیناتھن کا خیال ہے کہ ہندوستان میں تیسری لہر کے خدشات اور بچوں پر اس کے اثر کے پیش نظر یہ ویکسین آنے والے وقت میں بہت کارگر ثابت ہو سکتی ہے۔

ڈاکٹر سوامیناتھن کے مطابق اس ویکسین کو بچوں میں آسانی سے لگایا بھی جا سکے گا اور ساتھ ہی یہ ان کے پھیپھڑوں کو بہتر قوت مدافعت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ جلد ہی آپ کے پاس بچوں کے لئے بھی ویکسین ہوگی، حالانکہ اس سال اس کا امکان نہیں ہے۔

سومیا سوامیناتھن نے مزید کہا کہ جب تک یہ ویکسین دستیاب نہیں ہو جاتی، اس وقت تک ہمیں زیادہ سے زیادہ بالغوں بالخصوص اساتذہ کی ٹیکہ کاری کرنے کی کوشش کرنی چاہیئے، تاکہ جب اسکول کھولے جائیں تو اس وقت بچوں میں انفیکشن پھیلنے کا خطرہ کم رہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اسکول کھولنے سے قبل سوشل انفیکشن کے امکانات کو پوری طرح ختم کرنا ہوگا۔ دیگر ممالک نے بھی حفاظتی اقدامات کے علاوہ یہ یقینی کرنے کے بعد ہی اسکول کھولے ہیں۔ اگر ہم ملک کے تمام اساتذہ کو ٹیکہ کی خوراک فراہم کر دیتے ہیں تو یہ اس سمت میں بہت بڑا قدم ہوگا۔

بچوں کے لئے خطرہ ہونے کی وجوہات

ماہرین کا خیال ہے کہ اگر کورونا کی تیسری لہر آئی تو اس کی زد میں بچے زیادہ آئیں گے۔ ایسا اس لئے کہا جا رہا ہے کہ کیونکہ تیسری لہر تک ملک میں زیادہ تر بالغوں کو یا تو ویکسین کی ڈوز لگ چکی ہو گی یا پھر وہ کورونا سے شفایاب ہو چکے ہوں گے۔ ایسے حالت میں بچوں کے مقابلہ بڑی عمر کے افراد زیادہ محفوظ رہیں گے۔ وہیں، بچوں کے لئے تاحال کوئی ویکسین تیار نہیں ہو پائی ہے۔