فوج مقبوضہ کشمیر پر کارروائی کے لیے تیار: لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 22-11-2022
فوج مقبوضہ کشمیر پر کارروائی کے لیے تیار: لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی
فوج مقبوضہ کشمیر پر کارروائی کے لیے تیار: لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی

 

 

نئی دہلی :شمالی کمان کے چیف لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی نے پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر (پی او کے) پر بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے منگل کو کہا  کہ حکومت ہند حکم آتے ہی ، فوج مقبوضہ کشمیرپر کارروائی شروع کردے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی او کے کے مسئلہ پر پارلیمنٹ میں ایک قرارداد پاس کی گئی ہے۔ ہندوستانی فوج حکومت کے ہر حکم کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جب بھی حکم دے گی فوج پوری تیاری کے ساتھ آگے بڑھے گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ تقریباً 160 دہشت گرد ہندوستان میں دراندازی کے لیے پاکستانی لانچ پیڈ پر موجود ہیں۔ ہم ان کے منصوبوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ آپ کو بتا دیں کہ 3 نومبر کو وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ ہماچل پردیش کے کانگڑا میں ایک ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ اس دوران ہجوم کے لوگوں نے کہا – اب ہندوستان میں پی او کے کی بھی ضرورت ہے۔ اس پر وزیر دفاع نے کہا... صبر کرو، صبر کرو۔ راج ناتھ ہماچل کے بہادر سپاہیوں کی بات کر رہے تھے۔  

لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی نے جموں و کشمیر میں ہو رہی ٹارگٹ کلنگ پر کہا کہ ریاست میں دہشت گردی کو روکنے کے لیے بہت کام کیا گیا ہے۔ اس سے مشتعل ہو کر دہشت گردوں کی جانب سے اس طرح کبھی پستول اور کبھی اسلحہ بھیجنے کی کوشش کی جاتی ہے اور نہتے لوگوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے لیکن دہشت گرد اپنے منصوبوں میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد سے جموں و کشمیر میں بہت کچھ بدل گیا ہے۔ ریاست میں دہشت گردی پر قابو پا لیا گیا ہے۔

دویدی نے کہا کہ لانچ پیڈ پر تقریباً 160 دہشت گرد بیٹھے ہیں، جن میں پیر پنجال کے شمال میں 130 اور پیر پنجال کے جنوب میں 30 دہشت گرد موجود ہیں۔ مجموعی طور پر 82 پاکستانی دہشت گرد اور 53 مقامی دہشت گرد پورے علاقے میں چھپے ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان مسلسل منشیات بھیجنے کی کوشش کر رہا ہے۔ حال ہی میں ہم نے کروڑوں روپے کی منشیات پکڑی ہیں۔ جن دہشت گردوں کو ہم سرحد پر مار رہے ہیں، یہ لوگ کہتے ہیں کہ تم اسمگلروں کو مار رہے ہو۔ واضح رہے کہ پاکستان آئے روز منشیات فروخت کرنے کی کوششیں کر رہا ہے۔

دویدی نے کہا کہ 35 فیصد نوجوان 20 سال سے کم عمر کے دہشت گرد ہیں۔ 55 فیصد نوجوان 20 سے 30 سال کی عمر کے درمیان دہشت گرد بن رہے ہیں۔ ایسے میں ہمیں نوجوانوں کو تعلیم یافتہ بنانے، ان کی اچھی پرورش کرنے کی کوشش کرنی ہے اور فوج بھی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ نوجوان بنیاد پرستی کا شکار نہ ہوں۔ پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر ہندوستان کا وہ حصہ ہے جس کی سرحدیں پاکستان کے ساتھ ملتی ہیں۔ 1947 میں تقسیم کے بعد پاکستان نے قبائلی باغیوں کی مدد سے جموں و کشمیر کے اس حصے پر قبضہ کر لیا۔

ہندوستانی فوج اس حصے کو واپس لینے کے لیے لڑ رہی تھی لیکن اسی وقت ہندوستان کے اس وقت کے وزیر اعظم جواہر لعل نہرو کشمیر کے مسئلے پر اقوام متحدہ (یو این) گئے۔ اقوام متحدہ نے مداخلت کرکے دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کرائی اور 'جو کچھ تھا، اس پر قبضہ کرلیا گیا'۔ اس کے بعد سے دونوں ممالک کی فوجیں بین الاقوامی سرحد کے بجائے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے دونوں جانب تعینات ہیں۔ ایل او سی ایک 840 کلومیٹر طویل سرحدی لائن ہے جو دونوں ممالک کے درمیان کھینچی گئی ہے۔

پاکستان مقبوضہ کشمیرکوچھوڑنے کو تیار نہیں اور اسے آزاد کشمیر کہتا ہے۔ اس وقت پاکستان نے پی او کے کو دو حصوں گلگت اور بلتستان میں تقسیم کر رکھا ہے۔ حکومت ہند وقتاً فوقتاً پی او کے کو واپس لینے کی بات کرتی رہی ہے۔ 2014 میں مرکز میں نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی کی حکومت بننے کے بعد یہ معاملہ مزید گرم ہوگیا۔ مودی حکومت کے ذریعہ جموں و کشمیر سے آرٹیکل 370 کو ہٹائے جانے کے بعد سے پی او کے سے دستبرداری کا مطالبہ زور و شور سے اٹھ رہا ہے۔