اروناچل پردیش : فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، پائلٹ کی موت

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 05-10-2022
 اروناچل پردیش : فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، پائلٹ کی موت
اروناچل پردیش : فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، پائلٹ کی موت

 

 

نئی دہلی :ہندوستانی فوج کا ایک چیتا ہیلی کاپٹر بدھ (5 اکتوبر 2022) کو اروناچل پردیش کے علاقے توانگ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے میں ایک پائلٹ کی موت ہو گئی ہے۔ فوجی حکام نے حادثے کی اطلاع دی۔

معلومات کے مطابق پائلٹ کرنل سوربھ یادو بدھ کی دوپہر کو ہونے والے حادثے میں بری طرح زخمی ہو گئے تھے، بعد میں علاج کے دوران ان کی موت ہو گئی۔ ساتھ ہی حادثے میں زخمی عملے کے دیگر ارکان کا علاج جاری ہے۔ حادثے کے بعد دونوں پائلٹوں کو قریبی ملٹری اسپتال لے جایا گیا جہاں ایک پائلٹ دم توڑ گیا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر چین کی سرحد کے قریب نیام جنگ چو میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ یہ چیتا ہیلی کاپٹر 5ویں انفنٹری ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ کے علاوہ سوروا سانبا علاقے سے آرہا تھا۔ ابھی تک حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ دوسری جانب حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ حادثے کی وجہ تحقیقات کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔

 دفاعی ترجمان کرنل اے ایس والیہ نے  بتایا کہ چیتا ہیلی کاپٹر کا حادثہ چین کی سرحد کے قریب ہوا۔ انہوں نے کہا ہیلی کاپٹر نے معمول کے مطابق اڑان بھری اور صبح 10 بجے کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔ ابھی تک حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

 کرنل والیہ کے مطابق تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر میں دو پائلٹ تھے۔ ان میں سے ایک کی موت ہو گئی، جبکہ دوسرا پائلٹ جو کہ شدید زخمی ہے، زیر علاج ہے۔

کرنل والیہ نے بتایا کہ طیارے میں دو پائلٹ سوار تھے اور انہیں واقعے کے بعد قریبی فوجی اسپتال لے جایا گیا۔ شدید زخمی ہونے والا ایک پائلٹ اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جب کہ دوسرے پائلٹ کا علاج جاری ہے۔

اس سے قبل جولائی 2022 میں، فضائیہ کا ایکMiG-21 لڑاکا طیارہ راجستھان کے باڑمیر میں بھیمڈا کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ لڑاکا طیارہ مگ 21 گر کر تباہ ہونے کے بعد آگ لگ گئی تھی۔ اطلاع ملتے ہی انتظامیہ کی ٹیم کو موقع پر روانہ کر دیا گیا۔ اس حادثے میں دونوں پائلٹ شہید ہو گئے تھے۔