فلپائن کے ساتھ یکجہتی، وزیر اعظم نریندر مودی کا منڈاناؤ زلزلے پر اظہارِ افسوس

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 09-06-2026
فلپائن کے ساتھ یکجہتی، وزیر اعظم نریندر مودی کا منڈاناؤ زلزلے پر اظہارِ افسوس
فلپائن کے ساتھ یکجہتی، وزیر اعظم نریندر مودی کا منڈاناؤ زلزلے پر اظہارِ افسوس

 



 نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے فلپائن کے جنوبی جزیرے منڈاناؤ میں آنے والے 7.8 شدت کے تباہ کن زلزلے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان اس مشکل وقت میں فلپائن کے عوام اور حکومت کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔

وزیر اعظم مودی نے پیر کے روز ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ "منڈاناؤ، فلپائن میں آج آنے والے زلزلے کے نتیجے میں ہونے والی جانی ہلاکتوں اور تباہی پر دلی افسوس ہے۔ سوگوار خاندانوں سے میری ہمدردیاں ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔ ہندوستان فلپائن کے عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔"

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق 7.8 شدت کا یہ زلزلہ پیر کی صبح مقامی وقت کے مطابق تقریباً سات بج کر سینتیس منٹ پر منڈاناؤ کے ساحل کے قریب آیا۔ اطلاعات کے مطابق یہ گزشتہ پچاس برسوں میں فلپائن میں آنے والا سب سے طاقتور زلزلہ قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 32 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔ ہزاروں افراد اپنے گھروں سے بے دخل ہو گئے ہیں اور امدادی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔

حکام کے مطابق سارانگانی اور جنوبی کوتاباتو صوبوں میں 19 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ سارانگانی کے علاقے گلان میں زلزلے کے باعث آنے والے لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں مزید 13 افراد ہلاک ہوئے

قومی دفتر برائے شہری دفاع کے سینئر عہدیدار روڈریگو او سوسمینا نے صحافیوں کو بتایا کہ نقصانات کی مکمل تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں تاہم متعدد عمارتوں میں دراڑیں پڑ چکی ہیں اور بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے۔

فلپائنی حکام کے مطابق تقریباً ایک لاکھ کے قریب افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ تقریباً ستر ہزار افراد محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے ہیں۔ کئی افراد اب بھی لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے امدادی ٹیمیں سرگرم عمل ہیں۔

فلپائن کے محکمہ سماجی بہبود و ترقی کے سیکریٹری ریکس گیچالیان نے فوری امدادی اقدامات کا حکم دیتے ہوئے مقامی انتظامیہ کے ساتھ رابطے تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔ حکام کے مطابق منڈاناؤ میں متاثرین کی مدد کے لیے گیارہ لاکھ سے زائد غذائی پیکٹ دستیاب ہیں جبکہ ملک بھر میں سینتالیس لاکھ غذائی پیکٹ ہنگامی حالات کے لیے محفوظ رکھے گئے ہیں۔

محکمہ کی فوری امدادی ٹیمیں مسلسل صورتحال کی نگرانی کر رہی ہیں اور متاثرہ علاقوں میں موبائل کمانڈ سینٹرز، موبائل کچن اور دیگر ضروری وسائل بھی روانہ کیے جا رہے ہیں۔

ادھر عالمی برادری کی جانب سے بھی فلپائن کے ساتھ ہمدردی اور تعاون کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے جبکہ امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔