ہندوستان اقتصادی بحالی کے لیے سری لنکا کی مدد کرے گا: باگچی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 07-04-2022
ہندوستان اقتصادی بحالی کے لیے سری لنکا کی مدد کرے گا:  باگچی
ہندوستان اقتصادی بحالی کے لیے سری لنکا کی مدد کرے گا: باگچی

 


آواز دی وائس،نئی دہلی

’پڑوسی سب سے پہلے‘ کی پالیسی کے مطابق، ہندوستان، کووڈ کے بعد کی اقتصادی بحالی کے لیے سری لنکا کے ساتھ کام جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔

وزارت امور خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے کہا کہ سری لنکا ایک پڑوسی اور ہندوستان کا قریبی دوست ہے اور ہندوستان جزیروں کے ملک میں ہونے والی پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا میں معاشی حالات کے ساتھ ساتھ دیگر صورتحال بھی بدل رہے ہیں۔ معاشی بحران کو دور کرنے میں مدد کرنے کے لیے، ہم نے پچھلے دو سے تین مہینوں میں 2.5 بلین امریکی ڈالر کی امداد دی ہے جس میں ایندھن اور خوراک کے لیے قرض کی سہولیات شامل ہیں۔

 انہوں نے مزید بتایا کہ ہندوستان نے مارچ کے وسط سے سری لنکا کو 270,000 میٹرک ٹن سے زیادہ ڈیزل اور پیٹرول پہنچایا ہے اور حال ہی میں توسیع شدہ ایک بلین ڈالر کریڈٹ سہولت کے تحت سری لنکا کو40000 ٹن چاول فراہم کیے گئے ہیں۔

 ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان تعلقات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی جڑیں مشترکہ تہذیبی اقدار سے جڑی ہوئی ہیں۔ نیز حالیہ مہینوں میں دونوں ممالک کے درمیان رشتہ مضبوط ہوا ہے۔

باگچی نے کہا کہ ہم سری لنکا کے ساتھ تیزی سے کووڈ کے بعد کی اقتصادی بحالی کے لیے کام جاری رکھنے کے لیے تیار ہیں۔ ہم نے پہلے ہی انہیں مختلف مواقع پر آگاہ کر دیا ہے کہ ہم جو بھی تعاون کر سکتے ہیں۔

سری لنکا خوراک اور ایندھن کی قلت کے ساتھ شدید اقتصادی بحران سے نبرد آزما ہے جس سے سری لنکا کے شہری بڑی تعداد میں متاثرہوئے ہیں۔

نیز سری لنکا کو زرمبادلہ کی کمی کا بھی سامنا ہے، جس نے اتفاق سے خوراک اور ایندھن درآمد کرنے کی اس کی اہلیت کو متاثر کیا ہے، جس کے نتیجے میں ملک میں بجلی کی کمی واقع ہوئی ہے۔ ضروری اشیا کی قلت نے سری لنکا کو دوست ممالک سے مدد لینے پر مجبور کر دیا۔

 جیسا کہ نئی دہلی کولمبو کو مالی امداد فراہم کر رہا ہے، ہندوستان نے حال ہی میں سری لنکا کی ڈوبتی ہوئی معیشت کو سہارا دینے کے لیے مزید ایک بلین ڈالرکی مدد کا اعلان کیا ہے۔

 پچھلے مہینے سری لنکا کے صدر گوٹابایا راج پکشے نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور انہیں دوطرفہ اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

اس کے علاوہ راج پکشے نے سری لنکا کی معیشت کے لیے ہندوستان کی طرف سے دی جانے والی حمایت کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔