مندر انہدام پر ہندوستان نے پاکستان کی مذمت کی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 06-08-2021
وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی
وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

گذشتہ 4 اگست 2021 کو پاکستان کے رحیم یار خان میں بھونگ کے مقام پر واقع گھنیش مندر کے انہدام کا واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا۔

اس کے بعد مندر کے انہدام پر دنیا بھر میں اس کی مذمت کی جانے لگی۔ اس کے بعد ہندوستان کی جانب سے بھی اس غیر انسانی واقعہ پر شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

اس واقعہ پروزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے کہا کہ اسلام آباد سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی اقلیتی برادریوں کی حفاظت سلامتی اور فلاح و بہبود کو یقینی بنائے۔ ہندوستان نے پاکستانی سفیر کو طلب کیا اور پاکستان میں ہندو مندر توڑنے پر سخت احتجاج درج کرایا اور کہا کہ پاکستان میں تشدد اور اقلیتوں پر ظلم و ستم کے واقعات مسلسل جاری ہیں۔

وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتی برادری کی مذہبی آزادی اور ان کی عبادت گاہوں پر حملے خطرناک حد تک ہو رہے ہیں جبکہ ریاستی اور سیکورٹی ادارے ان حملوں کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام دکھ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی اقلیتی برادریوں کی حفاظت ، سلامتی اور فلاح و بہبود کو یقینی بنائے۔ باگچی نے مزید کہا کہ بھونگ میں ایک ہجوم نے گنیش مندر پر حملہ کیا ، مقدس بتوں کی بے حرمتی کی اورمندر کے احاطے میں آگ لگا دی۔

ارندم باگچی نے بتایا کہ ہجوم نے علاقے میں ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے گھروں پر بھی حملہ کیا۔ عبادت گاہوں پر حملوں سمیت اقلیتی برادریوں کے خلاف تشدد ، امتیازی سلوک اور ظلم و ستم کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے کہا کہ گذشتہ سال ہی میں ، جنوری 2020 میں سندھ میں ماتا رانی بھاٹیانی مندر سمیت مختلف مندروں اور گرودواروں پر حملے ہوئے۔ جنوری 2020 میں گرودوارہ سری جنم مقام ، دسمبر 2020 میں خیبر پختونخوا میں کرک میں ایک ہندو مندر۔

خیال رہے کہ اس سانحہ پر پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے بھی کرتے ہوے کہا کہ میں رحیم یار خان میں بھونگ کے مقام پر واقع گھنیش مندر پر کل کے حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ میں پہلے ہی آئی جی پنجاب کو ذمہ داروں کی گرفتاری یقینی بنانے اور پولیس کیجانب سے کسی غفلت پرسخت کارروائی عمل میں لانے کی ہدایات دے چکا ہوں۔ حکومت مندر بھی بحال کرے گی۔